مسلسل شکایتوں کے باوجود عدم توجہ، پانی میں بیٹھ کر احتجاج، شہر کی اصلیت آشکار
حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں بلدی حکام کی مجرمانہ غفلت اور مسائل سے لاپرواہی کے خلاف ایک خاتون نے اپنا انوکھا احتجاج درج کروایا۔ مسلسل توجہ دہانی اور متعدد شکایتوں کے باوجود بلدی حکام کی غفلت اس خاتون کے اس احتجاج سے شہریوں کی برہمی کا سبب بن گئی۔ سڑک پر جمع پانی میں بیٹھ کر احتجاج کرنے والی اس خاتون نے بلدی حکام اور گریٹر حیدرآباد کے عالمی معیار کا شہر ہونے کے دعوؤں کی پول کھول دی۔ بتایا جاتا ہے کہ اب اس خاتون کے اس انوکھے احتجاج کی تصاویر سوشیل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح وائرل ہوگئی ہے اور شہریوں نے اس خاتون کے اس احتجاج اور اقدام کی بھرپور ستائش کرتے ہوئے سوشیل میڈا پر اپنی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آنند نگر ناگول علاقہ سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے آج سڑک پر جمع پانی میں بیٹھ کر اپنا احتجاج درج کروایا جبکہ ٹریفک پولیس کے عملہ نے بھی اس خاتون کو روکنے کی کوشش کی جو ناکام رہے۔ بلدیہ کی لاپرواہی اور مجرمانہ غفلت پر برہم خاتون کے اس احتجاج کو دیکھ کر دیگر شہری اور راہ گیر بھی جمع ہوگئے جیسے ہی تصاویر سوشیل میڈیا پر وائرل ہوئیں بلدی حکام چوکس ہوگئے اور علاقہ میں پہنچ کر کارروائی کا تیقن دیا۔ آنند نگر میں بارش کا پانی سڑکوں پر جمع ہورہا ہے جیسا کہ شہر کے کسی نہ کسی بڑے علاقہ میں یہ شکایت عام بات بنتی جارہی ہے۔ اس خاتون کے اس احتجاج نے اپنے مسائل کی یکسوئی کیلئے دیگر شہریوں میں ایک مثال قائم کردی۔ع