جی ایچ ایم سی کے انتخابات میں ٹی آر ایس سنچری مکمل کرے گی

   

سیلاب راحت کاری کے اقدامات سے عوام مطمئن ، ٹی آر ایس قائد محمد الیاس قریشی
حیدرآباد :۔ ٹی آر ایس کے سینئیر قائد محمد الیاس قریشی نے کہا کہ سیلاب کے متاثرین کی راحت کاری کے لیے تلنگانہ حکومت نے جو اقدامات کئے ہیں اس کی ملک بھر میں نظیر نہیں ملتی ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے مرکز کے تعاون کا انتظار کیے بغیر فوری 550 کروڑ روپئے جاری کردیا ۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ گریٹر حیدرآباد میں 4 لاکھ خاندان متاثر ہوئے ہیں فی خاندان کو 10 ہزار روپئے کی امداد دینے کے لیے 400 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ابھی تک تین لاکھ خاندانوں میں 300 کروڑ روپئے تقسیم کردئیے گئے ہیں ۔ چیف منسٹر کے اس ہمدردانہ اقدام سے شہر حیدرآباد کے عوام پوری طرح مطمئن ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کے جب بھی انتخابات منعقد ہوں گے ۔ ٹی آر ایس اپنی سنچری مکمل کرے گی ۔ محمد الیاس قریشی نے اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ گریٹر حیدرآباد کی جو ترقی ہوئی ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ 6 سال کے دوران 67 ہزار کروڑ روپئے کے مصارف سے ترقیاتی و تعمیری کام کرتے ہوئے بہت بڑا انفراسٹرکچر تیار کیا گیا ہے ۔ غریب عوام میں ڈبل بیڈ روم مکانات تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ غریب لڑکیوں کی شادیوں کے لیے شادی مبارک اور کلیانہ لکشمی اسکیم پر عمل آوری کی جارہی ہے ۔ ٹمریز کے ذریعہ مسلم طلبہ کو کارپوریٹ طرز کی مفت تعلیم فراہم کی جارہی ہے ۔ آسرا پنشن کے ذریعہ لاکھوں عوام کو فائدہ پہونچایا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر جو وعدہ کرتے ہیں اس کو پورا کرتے ہیں ۔ دوسری جماعتیں صرف ووٹوں کی خاطر وعدہ کرتے ہیں بعد اس کو بھول جاتے ہیں ۔۔