جی ایچ ایم سی کے اینٹی انکروچمنٹ سیل کی کارکردگی کا آئندہ ماہ آغاز

   

حیدرآباد 12 جنوری (سیاست نیوز) سرکاری زمینات، تالابوں، جھیلوں، پارکس اور کھلی جگہ پر غیر قانونی قبضوں کے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کی انفورسمنٹ ویجلنس اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ (EVDM) ونگ کی جانب سے جلد ہی ایک اینٹی انکروچمنٹ سیل قائم کی جائے گی۔ یہاں ایک پریس کانفرنس میں ای وی ڈی ایم کے ڈائرکٹر وشواجیت کمیٹی نے کہاکہ اینٹی انکروچمنٹ سیل کی کارکردگی کا فبروری کے پہلے ہفتہ سے آغاز ہوگا جس کے لئے ٹول فری نمبرس کے ساتھ ایک کال سنٹر قائم کیا جائے گا جہاں لوگ ان کی شکایتیں درج کرواسکتے ہیں۔ متعلقہ عہدیدار شہریوں کی شکایات کی اساس پر غیر قانونی قبضوں کا جائزہ لیں گے اور اگر وہ حقیقی پائے گئے تو اس سلسلہ میں مزید کارروائی کریں گے۔ مسٹر وشواجیت نے مزید کہاکہ ای وی ڈی ایم نے فیس بک، ٹوئٹر اور دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر شہریوں کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی شکایتوں کی اساس پر خاطیوں کو ای نوٹسیں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لئے سنٹرل ایمرجنسی سیل کی جانب سے چار علیحدہ ٹرمینلس بنائے جائیں گے اور خلاف ورزیوں جیسے سڑکوں اور کھلی جگہ پر کچرا پھینکنا، ڈرینس میں کچرا ڈالنا، سڑکوں پر کچرا ڈالنا، کھلے عام پیشاب کرنا، دیواروں پر تحریر کرنا، وال پوسٹرس لگانا، غیر مجاز طور پر بیانرس اور کٹ آؤٹس لگانا وغیرہ پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔