جی ایچ ایم سی کے حدود میں اسمارٹ لائیٹنگ سسٹم متعارف کرنے کا فیصلہ

   

شہر کو خوبصورت بنانے عصری اسٹریٹ لائیٹس کی تنصیب
حیدرآباد ۔19 ۔ مارچ (سیاست نیوز) گریٹر حیدرآباد کے تحت تین علحدہ کارپوریشنوں میں اسمارٹ لائیٹنگ سسٹم کو متعارف کیا جارہا ہے جس کے ذریعہ شاہراہوں پر عصری اسٹریٹ لائیٹس نصب کی جائیں گی۔ شہری علاقوں میں انفراسٹرکچر کی ترقی کے لئے حکومت نے اسمارٹ اسٹریٹ لائیٹنگ پراجکٹ تیار کیا ہے جس کے ذریعہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ پراجکٹ کے لئے 1341 کروڑ کی سرمایہ کاری کا منصوبہ ہے جس کے تحت اہم علاقوں میں 7.60 لاکھ اسٹریٹ لائیٹس نصب کی جائیں گی۔ جی ایچ ایم سی کے علاوہ سائبر آباد اور ملکاجگری کارپوریشنوں کے حدود میں اسمارٹ لائیٹنگ سسٹم عمل کیا جائے گا۔ منصوبہ کے مطابق گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے حدود میں 330487 اسٹریٹ لائیٹس نصب کی جائیں گی جبکہ سائبر آباد کارپوریشن کے تحت 185258 اور ملکاجگری کارپوریشن کے تحت 244846 اسمارٹ اسٹریٹ لائیٹس نصب کی جائیں گی۔ پراجکٹ کے تحت 10 سال تک مینٹننس کا کنٹراکٹ دیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی کے حدود میں حالیہ عرصہ میں سروے کیا گیا جس کے تحت 5.50 لاکھ اسٹریٹ لائیٹس کی تنصیب کی تجویز پیش کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ 4.77 لاکھ اسٹریٹ لائیٹس کارکرد ہیں۔ بار بار مرمت کی زحمت سے بچنے کیلئے حکومت نے اسمارٹ لائیٹنگ سسٹم متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کاکتیہ اینرجی سسٹم کو کنٹراکٹ دیا گیا ہے جس نے 186 روپئے ماہانہ فی لائیٹ مینٹننس کا ٹنڈر داخل کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ عصری سسٹم کے نتیجہ میں برقی کی بچت ہوسکتی ہے اور شہر کے علاقوں میں غیر معمولی روشنی خوبصورتی میں ا ضافہ کا سبب بنیں گی۔ حکام نے اسٹریٹ لائیٹس سے متعلق شکایات کی اندرون 48 گھنٹے یکسوئی کی ہدایت دی ہے۔1