جی ایچ ایم سی کے حدود میں صاف صفائی کے انتظامات توجہ دینے پر زور

   

کمشنر بلدیہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد
ایلم برتی کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔18 ۔اکٹوبر(سیاست نیوز) ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں صاف صفائی کے خصوصی انتظامات پر توجہ دی جائے اور اعلیٰ عہدیدار صفائی کے انتظامات کی راست نگرانی کو یقینی بنائیں ۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر ایلم برتی نے گذشتہ یوم اپنی نئی ذمہ داریوں کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد جی ایچ ایم سی کے مختلف شعبہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے انہیں ہدایات جاری کی۔ مسٹر ایلم برتی نے کہا کہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں شہریوں کو معیاری سہولتوں کی فراہمی کے معاملہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے اور نہ ہی صفائی کے معاملہ میں کسی بھی طرح کی کوتاہی برداشت کی جائے گی۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں نے نئے کمشنر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے پر مسٹر ایلم برتی کو مبارکباد پیش کی ۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے دونوں شہروں میں کچہرے کی نکاسی ‘ صفائی کے انتظامات کے علاوہ ترقیاتی کاموں کے موقف کے متعلق تفصیلات حاصل کیں اور کہا کہ بلدی حدود میں جاری اہم پراجکٹس کی تمام تر تفصیلات اور ان کے موقف کے متعلق رپورٹ تیار کرتے ہوئے انہیں پیش کی جائے ۔مسٹر ایلم برتی نے عہدیداروں کے ہمراہ منعقدہ اس اجلاس کے دوران کہا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں جاری فلائی اوورس کی تعمیر ‘ سڑکوں کی توسیع کے علاوہ نالوں کی صفائی اور توسیع کے سلسلہ میں جاریہ کاموں کی تفصیلات پیش کی جائیں۔3