جی ایچ ایم سی کے شیلٹر ہومس میں اضافہ پر غور

   

بے گھر افراد اور گداگروں کے قیام و طعام کے انتظام
حیدرآباد۔9اپریل(سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے بے گھر افراد اور گداگروں کیلئے عارضی شیلٹر بنائے گئے ہیں اوراب ان کی تعداد میں اضافہ زیر غور ہے ۔ بے گھر افراد اور گداگر جو کہ سڑکوں اور فٹ پاتھ پر گذر بسر کر رہے تھے انہیں کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے جی ایچ ایم سی کے شیلٹر ہومس میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ دونوں شہروں میں 14 شیلٹر ہومس ہیں جبکہ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے بعد 12نئے عارضی شیلٹر ہومس کا قیام عمل میں لایا گیا ان میں بے گھر افراد کو رہائش کا موقع فراہم کیا جا رہاہے اور ان کے طعام وغیرہ کے انتظامات بھی کئے جا رہے ہیں۔عہدیداروں نے بتایا کہ ان شیلٹر ہومس میں 3400 بے گھر افراد کو پناہ دی گئی ہے اور انا پورنا اسکیم کے تحت کھانے کے انتظامات کئے جا رہے ہیں اور انہیں طمانیت دی جا رہی ہے کہ جب تک وہ شیلٹر ہومس میں رہیں گے انہیں کوئی تکلیف نہیں ہوگی اور نہ ان کے قیام اور طعام کو روکا جائے گا۔ ان شیلٹر ہومس کیلئے نوڈل آفیسر کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے جو یہاں سہولتوں کے علاوہ ان کی صفائی وغیرہ کیلئے ذمہ دار ہیں۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ ان شیلٹر ہومس میں سماجی فاصلہ کو برقرار رکھنے کی تاکید کی جا رہی ہے۔ پرنسپل سیکریٹری بلدی نظم و نسق مسٹر اروند کمار نے تمام بلدیات کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ بلدیہ حیدرآباد کی طرز پر گداگروں اور بے گھر افراد کیلئے کھانے کا انتظام کریں کیونکہ جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس سے نمٹنے میں ایمرجنسی عملہ کے ساتھ غیر سرکاری تنظیموں کا تعاون ناگزیر ہے۔