جی ایچ ایم سی کے’ عوامی ریفریجریٹرس ‘ متعارف

   

ضرورت مند اور غریب عوام کیلئے غذا جمع کروانے کی سہولت
حیدرآباد 3 فبروری ( پی ٹی آئی ) گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن ( جی ایچ ایم سی ) کی جانب سے ایک این جی او کے تعاون سے عوامی ریفریجریٹرس متعارف کروائے جا رہے ہیں جہاں شادیوں اور دیگر دعوتوں میں بچ جانے والے کھانے کو رکھا جائیگا تاکہ غریب اور دیگر ضرورت مند اس کا استعمال کرسکتے ہیں۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے بتایا کہ جس کسی کے پاس فاضل غذا ہو اور وہ اس کا عطیہ دینا چاہتا ہو تو وہ یہ کھانا عوامی ریفریجریٹر میں چھوڑ سکتا ہے تاکہ ضرورت مند اس کا استعمال کرسکیں۔ عہدیداروں کے بموجب اس سے غذا ضائع ہونے سے بچ جائیگی اور ضرورت مند اور بھوکے لوگ اس کا استعمال کرسکیں گے ۔ حکام کے بموجب گذشتہ ہفتے تین مراکز پر ایسے ریفریجریٹرس کا آغاز کیا گیا ہے ۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے اس طرح کے 10 مراکز قائم کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے ۔ جی ایچ ایم سی نے 2014 میں غریب عوام کیلئے 5 روپئے میں کھانے کی اسکیم شروع کی تھی اور شہر میں جملہ 150 مراکز پر اس کا اہتمام کیا جارہا ہے جہاں روزآنہ 45 ہزار افراد استفادہ کرتے ہیں۔