جی ایچ ایم سی کے کتنے بھی ٹکڑے کرلیں پرچم تو گلابی لہرائے گا : کے ٹی آر

   

کارکن ہی بی آ ایس کی اصل طاقت، ارکان اسمبلی کے پارٹی چھوڑنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا
حیدرآباد۔ 12 فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے مجوزہ انتخابات میں ایک نہیں کتنے بھی کارپوریشنس تشکیل دے لیں بی آر ایس پارٹی اپنی برتری ثابت کرے گی اور گلابی پرچم بلند رہے گا۔ آج تلنگانہ بھون میں اسمبلی حلقہ سری لنگم پلی کے نوجوان قائد وجئے کمار ریڈی نے اپنے حامیوں کے ساتھ بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ کے ٹی آر نے انہیں گلابی کھنڈوا پہناکر خیرمقدم کیا اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کارکنوں میں جوش بھرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ایم ایل اے پارٹی چھوڑکر چلا بھی جائے تو کارکن پارٹی کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور کے چندر شیکھر راؤ کی قیادت کو نئی طاقت پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسمبلی حلقہ سری لنگم پلی پورے حیدرآباد میں بی آر ایس کے مضبوط قلعہ میں تبدیل ہوچکا ہے اور 24 ڈیویژنس میں کلین سویپ کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کے ٹی آر نے کانگریس پر جھوٹے وعدوں کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ بی جے پی نے گزشتہ 12 برسوں میں تلنگانہ کے لئے کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی قیادت ہی تلنگانہ کے لئے تحفظ کی ضمانت ہے۔ شہر میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے سلطان بازار میں ایف بی آئی برانچ میں ڈکیتی، زیورات کی دکانوں پر حملوں اور چندا نگر میں قتل جیسے واقعات کا حوالہ دیا اور کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں حیدرآباد کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ آئندہ کارپوریشن انتخابات کے پیش نظر جلد ہی ڈیویژنس سطح پر اجلاس منعقد کئے جائیں گے تاکہ پارٹی کو مزید مضبوط کیا جاسکے۔ کے ٹی آر نے پارٹی قائدین کو یقین دلایا کہ وہ اور پارٹی کے دیگر اہم قائدین پارٹی کے مقامی قائدین اور کیڈر سے رابطہ میں رہیں گے۔ انہوں نے خواتین سے اپیل کی کہ وہ ووٹ ڈالنے سے قبل سوچ سمجھ کر فیصلہ کیں کیونکہ غلط فیصلہ پانچ سال کی سزا کے مترادف ہوگا۔ 2