جی ایچ ایم سی کے 6150 کروڑ بجٹ مسودہ کو منظوری

   

اسٹانڈنگ کمیٹی اجلاس میں فیصلہ ۔ منظوری کیلئے مسودہ حکومت کو روانہ کیا جائے گا
حیدرآباد۔10 جنوری(سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی اسٹانڈنگ کمیٹی نے سال 2019-20کیلئے 6150 کروڑ بجٹ مسودہ کو منظوری فراہم کردی ہے اور 20 فروری کو ریاستی حکومت کی منظوری کے بعد بجٹ کی قطعی منظوری عمل میں لائی جائی گی۔ مئیر حیدرآباد کی زیر صدارت منعقدہ اسٹانڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں بجٹ پر غور و خوص مسودہ کو منظوری دے کر حکومت کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دانا کشور نے کمیٹی کو بجٹ 2019-20 کے نکات سے واقف کرواتے ہوئے منظوری کی درخواست کی جس پر اسٹانڈنگ کمیٹی اجلاس میں مباحث کے بعد بجٹ کے مسودہ کو منظوری فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ کہا جا رہاہے کہ بجٹ کو مزید بہتر بنانے کی تجاویز اور استعمال کے سلسلہ میں پراجکٹس کے متعلق کمیٹی اجلاس میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران 2018-19 کے دوران جی ایچ ایم سی کا مجموعی بجٹ 6 ہزار 76 کروڑ 86 لاکھ تھا اور متعدد ترامیم کے بعد یہ بجٹ 5 ہزار 375 کروڑ ہوگیا اور اب مالی سال 2019-20 کیلئے بلدیہ نے 6 ہزار 150 کروڑ کا بجٹ مسودہ تیار کیا ہے جسے حکومت کی منظوری حاصل کرنی ہوگی۔اس کے علاوہ اسٹانڈنگ کمیٹی نے بلدی حدود میں بڑے ترقیاتی پراجکٹس کیلئے 5 ہزار 388 کروڑ کا علحدہ بجٹ تیار کیا اور اس مسودہ کو بھی کمیٹی نے منظوری فراہم کردی ۔ اس طرح جی ایچ ایم سی کا جملہ بجٹ بڑے ترقیاتی پراجکٹس کے ساتھ 11 ہزار 538 کروڑکا ہوجائیگا۔ اسٹانڈنگ کمیٹی سے بجٹ کی منظوری کے بعد حکومت کی جانب سے منظوری فراہم کئے جانے پر بجٹ قطعی قرار دیا جائیگا ۔ کہا جا رہاہے کہ حکومت کے اعلی عہدیدار بالخصوص محکمہ بلدی نظم و نسق کے حکام سے مشاورت کے بعد ہی اس بجٹ کی تیاری عمل میں لائی گئی ہے جسے جی ایچ ایم سی کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں منظور کیا گیا ہے ۔مئیر جی ایچ ایم سی مسٹر بی رام موہن کی صدارت میں منعقد ہوئے اس اجلاس میں اسٹینڈنگ کمیٹی کے اس اجلاس میں اراکین کے علاوہ کمشنر جی ایچ ایم سی اور دیگر اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔