شہر میں روزانہ کچرے کی نکاسی کی ہدایت، کے ٹی آر نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا
حیدرآباد: گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے جی ایچ ایم سی ہیڈکوارٹر میں کووڈ کنٹرول روم کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار نے عہدیداروں کے ساتھ شہر میں کچرے کی نکاسی اور صحت و صفائی کے دیگر انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں کچرے کی نکاسی اور دیگر کاموں میں تعاون نہ کرنے والے عہدیداروں کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے پیش نظر صحت و صفائی کے انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے ۔ جی ایچ سی ہیڈکوارٹر میں زونل کمشنرس ، ڈپٹی کمشنرس اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا ۔ اروند کمار نے عہدیداروں سے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے سڑکوں سے کچرے کی نکاسی کے کام پر توجہ دی جائے ۔ روزانہ کچرے کی نکاسی کو یقینی بنایا جایا۔ اس کے علاوہ جراثم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جانا چاہئے ۔ اروند کمار نے بتایا کہ شہر میں صفائی کے انتطامات کے علاوہ سینیٹائزیشن پروگرام کے بارے میں وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہر سرکل کے تحت صفائی کے علاوہ سینیٹائزیشن کا کام صد فیصد پورا کیا جائے ۔ زونل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کو خصوصی نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچرے کی عدم نکاسی سے بیماریوں کا خدشہ رہتا ہے ۔ لہرا عہدیداروں کو روزانہ کچرے کی نکاسی کا کام انجام دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے پیش نظر صحت و صفائی کے کاموں میں کوئی تساہل نہ کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنرس اور دیگر عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ روزانہ صبح 6 بجے اپنے علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے صفائی کے کاموں کا جائزہ لیں۔ کاموں میں تساہل کرنے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ جی ایچ ایم سی ہیڈکوارٹر میں کووڈ کنٹرول کے قیام کی ہدایت دی گئی ہے ۔ تاکہ کورونا کے علاوہ صحت و صفائی سے متعلق عوام کو معلومات فراہم کیا جاسکے۔ سینئر عہدیداروں کی نگرانی میں یہ سنٹر 24 گھنٹے خدمات انجام دے گا ۔ زونل کمشنرس اور ڈپٹی کمشنر سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے حدود میں سرکاری اور خانگی ہاسپٹلس کا معائنہ کریں۔