جی بچیا چودھری آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کے پروٹم اسپیکر ہوں گے

   

21 جون سے اسمبلی اجلاس کا آغاز
حیدرآباد۔/19 جون، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی کے پروٹم اسپیکر کے طور پر تلگودیشم کے سینئر رکن اسمبلی جی بچیا چودھری کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ قانون ساز اسمبلی کا اجلاس 21 جون کو شروع ہوگا اور پروٹم اسپیکر نومنتخب ارکان کو حلف دلائیں گے۔ اس سے قبل گورنر جسٹس عبدالنذیر راج بھون میں بچیا چودھری کو پروٹم اسپیکر کے عہدہ کا حلف دلائیں گے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے الیکشن کا مرحلہ بھی پروٹم اسپیکر کی نگرانی میں مکمل ہوگا۔ دستور میں اگرچہ پروٹم اسپیکر کی گنجائش نہیں ہے لیکن نئی پارلیمنٹ یا اسمبلی کی تشکیل کے بعد نو منتخب ارکان کو حلف دلانے کیلئے عبوری اسپیکر کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ لوک سبھا یا اسمبلی میں سینئر رکن کو عبوری اسپیکر کے طور پر منتخب کرتے ہوئے نو منتخب ارکان کی حلف برداری مکمل کی جاتی ہے۔ قانون ساز اسمبلی میں چندرا بابو نائیڈو سب سے سینئر رکن ہیں لیکن وہ چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہیں لہذا جی بچیا چودھری کے نام پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ وہ اسمبلی کیلئے 7 مرتبہ منتخب ہوچکے ہیں۔ حکومت نے اسپیکر کے عہدہ کیلئے سی ایچ آئینا پاتروڈو کے نام کو منظوری دی ہے جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے عہدہ پر پون کلیان کی جنا سینا پارٹی کے کسی رکن کا انتخاب ہوگا جس کے نام کا اعلان ابھی باقی ہے۔ 1