اپوزیشن پارٹی کانگریس اتوار (21 دسمبر) کو پورے تریپورہ میں مرکزی حکومت کے 20 سال پرانے منریگا کا نام تبدیل کر کے وی بی-جی رام جی کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔ کئی ریاستوں میں جی رام جی بل کے خلاف آواز بلند کی جا رہی ہے اور کرناٹک میں برسر اقتدار کانگریس نے آج اس معاملے میں اپنا احتجاج درج کیا۔ سینئر کانگریس رکن اسمبلی سدیپ رائے برمن نے ہفتہ کو کہا کہ کانگریس کو نام میں ’رام‘ سے کوئی دقت نہیں ہے، لیکن جس طرح سے تاریخی قانون سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹایا گیا ہے وہ منظور نہیں ہے۔ نہ صرف مہاتما گاندھی کا نام ہٹایا گیا بلکہ این ڈی اے حکومت نے کروڑوں جاب کارڈ ہولڈرز کے حقوق بھی چھین لیے۔سدیپ رائے کا یہ بھی کہنا ہے کہ وی بی-جی رام جی بل میں ہر جاب کارڈ ہولڈر کو 125 دنوں تک کام دینے کی تجویز ہے اور فنڈ مرکز اور ریاستوں کو 60:40 کے تناسب سے دینے ہوں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ اس کا مطلب ہے کہ اس منصوبہ کو نافذ کرنے کیلئے ریاست کو زیادہ پیسے دینے ہوں گے۔ جبکہ کئی ریاست مالی بحران کا سامنا کر رہے ہیں۔
