روز نامہ سیاست نے 4 اگست کو ہی امکانی امیدوار کے طور پر پیش کیا تھا، چیف منسٹر نے آج مہر لگادی
حیدرآباد ۔ 11 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ نے حضورآباد اسمبلی ضمنی انتخابات کے لئے ٹی آر ایس طلبہ تنظیم کے ریاستی صدر جی سرینواس یادو کو امیدوار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ چند دن سے انہیں امیدوار بنانے سے متعلق خبریں گشت کررہی تھیں۔ 4 اگست کو روزنامہ سیاست نے بھی جی سرینواس یادو کو امیدوار بنانے کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے ایک خبر شائع کی تھی جس پر آج چیف منسٹر نے مہر لگادی ہے۔ 16 اگست کو چیف منسٹر کے سی آر حضورآباد میں دلت بندھو اسکیم کا افتتاح کررہے ہیں۔ اس جلسہ عام میں جی سرینواس یادو کو بحیثیت ٹی آر ایس امیدوار عوام سے متعارف کراویا جائے گا۔ 21 اگست 1983 میں پیدا ہونے والے جی سرینواس یادو نے عثمانیہ یونیورسٹی سے ایم اے ، ایل ایل بی کی تعلیم حاصل کی۔ اب وہ عثمانیہ یونیورسٹی سے ہی پی ایچ ڈی کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔ طالب علمی کے زمانہ سے ہی انہوں نے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور 2017 سے وہ ٹی آر ایس طلبہ تنظیم کے ریاستی صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سال 2010 جنوری میں وہ تلنگانہ ودیارتھی مہاپدیاترا کے نام پر عثمانیہ یونیورسٹی سے کاکتیا یونیورسٹی تک 650 کیلو میٹر پدیاترا کرچکے ہیں۔ تلنگانہ تحریک کے دوران مختلف احتجاجی پروگرامس، ریل روکو دھرنا، ملینیم مارچ کے علاوہ دوسرے پروگرامس میں شریک رہے ہیں اور ان کے خلاف 100 سے زائد مقدمات درج ہوئے ہیں۔ پارٹی کی جانب سے انہیں حضورآباد اسمبلی حلقہ کے مجوزہ ضمنی انتخابات کے لئے امیدوار بنانے پر ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسڈنٹ و ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کے علاوہ دوسرے وزراء‘ پارٹی کے ارکان اسمبلی‘ ارکان پارلیمنٹ و دوسرے قائدین نے جی سرینواس یادو کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔