جی سکھیندر ریڈی نے صدرنشین قانون ساز کونسل کا جائزہ لے لیا

   

وزراء اور ارکان نے مبارکباد دی

حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) جی سکھیندر ریڈی نے آج صدرنشین قانون ساز کونسل کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرلیا۔ اس عہدہ کے لئے سکھیندر ریڈی کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا ۔ قانون ساز کونسل کے اجلاس میں آج ان کے انتخاب کا اعلان کیا گیا جس کے بعد ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ ، ہریش راؤ ، جگدیش ریڈی ، محمود علی ، نائب صدرنشین قانون ساز کونسل اور اپوزیشن ارکان نے انہیں کرسی صدارت تک پہنچایا ۔ ایوان میں وزراء اور ارکان نے سکھیندر ریڈی کو اہم ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ اسمبلی اور کونسل دونوں میں ایوان کی صدارت زرعی شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کو دی گئی ہے۔ اسپیکر اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی اور صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی دونوں کسان ہیں۔ لہذا ان کا انتخاب زرعی شعبہ اور کسانوں کیلئے اچھی علامت ہے۔ کے ٹی آر نے صدرنشین نے کہا کہ وہ زرعی شعبہ کے مسائل کے علاوہ شہری مسائل پر بھی اظہار خیال کا موقع فراہم کریں۔ کانگریس کے ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ سکھیندر ریڈی کسان کے بیٹے ہیں اور جدوجہد سے اس مقام تک پہنچے۔ رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے انہوں نے علحدہ تلنگانہ جدوجہد میں حصہ لیا تھا۔ ہریش راؤ کے علاوہ بی جے پی کے رکن رام چندر راؤ اور دوسروں نے صدرنشین کے عہدہ پر سکھیندر ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔
سکھیندر ریڈی نے تمام پارٹیوں سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے ان کے متفقہ انتخاب میں تعاون کیا۔