ریاض ۔ 4اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کی عسکری قیادت نے سعودی عرب کی طرف سے مملکت کے دفاع کے لیے اٹھائے گئے دفاعی اقدامات کی تائید اور مکمل حمایت کی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق جمعرات کے روز خلیجی ممالک کی عسکری قیادت کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ، حملوں اور خطے کو درپیش سلامتی کے دیگر تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لیے خلیج کی مسلح افواج تیار ہیں۔سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں منعقدہ اجلاس کے اختتام پر جاری کردہ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ ’جی سی سی‘ ممبر ریاست پر ہونے والا کوئی بھی حملہ تمام جی سی سی ریاستوں پر حملہ تصور ہوگا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے اپنے ملک کے دفاع کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی مکمل حمایت کی جائے گی۔خلیجی ممالک کی عسکری قیادت نے اجلاس میں علاقائی تیل کی تنصیبات اور سمندری تحفظ کے خلاف دھمکیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا کہ تیل کی تنصیبات پر حملے جی سی سی ریاستوں کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی سوچی سمجھی کوشش ہیں۔