کانگریس میں شمولیت کی خواہش، بی جے پی کے آپریشن آکرش کا جواب
حیدرآباد۔29 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس قائدین کی بی جے پی میں شمولیت کے سلسلہ کو روکنے کیلئے پارٹی نے حکمت عملی تیار کی ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے بعد کئی کانگریس قائدین نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی اور بعض قائدین شمولیت کی تیاری کر رہے ہیں۔ پارٹی قائدین کو بی جے پی میں شمولیت سے روکنے کیلئے صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے ملاقات کا منصوبہ بنایا ہے ۔ اسی کے تحت انہوں نے سابق ایم پی جی ویویک سے ملاقات کی اور کانگریس پارٹی نے شمولیت کی دعوت دی۔ جی ویویک نے کانگریس سے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی جہاں انہیں حکومت کا مشیر مقرر کیا گیا تھا ۔ حالیہ انتخابات کے بعد انہوں نے ٹی آر ایس سے علحدگی اختیار کرلی ۔ گزشتہ دنوں ان کی مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سے ملاقات ہوئی اور قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ ویویک بہت جلد بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلیں گے ۔ خود انہوں نے بی جے پی میں شمولیت کا اشارہ دیا۔ ویویک جو سینئر کانگریسی رہنما آنجہانی جی وینکٹ سوامی کے فرزند ہیں، انہیں پارٹی میں واپس لانے کیلئے اتم کمار ریڈی نے مساعی کا آغاز کیا ہے ۔ دیکھنا یہ ہے کہ بی جے پی کے آپریشن آکرش کا اتم کمار ریڈی کس طرح مقابلہ کریں گے۔ حالیہ عرصہ میں ڈی کے ارونا ، پی سدھاکر ریڈی ریڈی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے اگرچہ بی جے پی میں شمولیت کا من بنالیا ہے لیکن ابھی تک وہ شامل نہیں ہوئے۔ کانگریس ایسے قائدین کو پارٹی میں برقرار رکھنے کی کوشش کر رہی ہے۔