ایوان میں عبوری اسپیکر نے اعلان کیا، بی آر ایس ، مجلس اور سی پی آئی کی تائید، پہلے دلت اسپیکر کا اعزاز
حیدرآباد 14۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی کے تیسرے اسپیکر کی حیثیت سے وقار آباد رکن اسمبلی جی پرساد کمار کا آج متفقہ انتخاب عمل میں آیا اور انہوں نے نئے عہدہ کی ذمہ داری سنبھال لی۔ اسمبلی میں نئے ارکان کی حلف برداری کے بعد عبوری اسپیکر اکبر اویسی نے نئے اسپیکر کا اعلان کیا ۔ پرساد کمار کے حق میں 23 پرچہ جات نامزدگی داخل کئے گئے جن میں کانگریس ‘بی آر ایس ، مجلس اور سی پی سے تائیدی پرچہ جات نامزدگی شامل ہیں۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی و بھٹی وکرمارکا ، دامودر راج نرسمہا ، سریدھر بابو، سرینواس ریڈی ، کونڈہ سریکھا ، سیتکا ، ٹی ناگیشور راؤ ، کے ٹی راما راؤ ، محمد ماجد حسین ، پی سامبا سیوا راؤ ، میر ذوالفقار علی و دیگر نے پرساد کمار کے تائیدی پرچے داخل کئے ۔ عبوری اسپیکر نے اعلان کیا کہ چونکہ پرساد کمار کے حق میں تمام نامزدگیاں داخل کی گئی ہیں لہذا متفقہ طورپر ان کا انتخاب ہوتا ہے۔ اکبر اویسی نے پرساد کمار کو مبارکباد دے کر نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انتخاب کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی ، بھٹی وکرمارکا ، کے ٹی آر ، دامودر راج نرسمہا ، احمد بلعلہ و سامبا سیوا راؤ نے پرساد کمار کو کرسیٔ صدارت تک پہنچایا۔ عبوری اسپیکر نے کرسیٔ صدارت سونپ دی۔ پرساد کمار پہلے دلت اسپیکر ہیں۔ علحدہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد مدھو سدن چاری و پوچارم سرینواس ریڈی پہلے اور دوسرے اسپیکر رہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے پرساد کمار کو مبارکباد پیش کرکے تمام پارٹیوں کی تائید کو خوش آئیند قرار دیا۔ انہوں نے بی آر ایس ، مجلس اور سی پی آئی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے متفقہ انتخاب میں مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم پی ٹی سی رکن سے انہوں نے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا اور اسپیکر عہدہ کو پہنچے۔ اسپیکر پرساد کمار نے متفقہ انتخاب کیلئے حکومت اور اپوزیشن سے اظہار تشکر کیا ۔ ر