ممبئی، 31اگست (یواین آئی) گزشتہ ہفتے بڑی گراوٹ کے بعد آنے والے ہفتے میں جی ڈی پی کے حوصلہ افزا اعداد و شمار کا اثر اسٹاک مارکیٹوں میں دیکھا جا سکتا ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں شرح نمو 7.8 فیصد رہی۔
یہ اعداد و شمار مارکیٹ کھلنے کے بعد جاری کیے گئے ، اس لیے ان کا اثر پیر کو ہی نظر آئے گا۔ نیز، تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی عوامل بھی سرمایہ کاری کے جذبات کو متاثر کر سکتے ہیں۔ گزشتہ ہفتے چہارشنبہ کو گنیش چترتھی کی تعطیل کی وجہ سے مارکیٹ میں صرف چار دن کا کاروبار ہوا۔ گزشتہ تین دنوں سے بازار میں فروخت میں اضافہ دیکھا گیا۔
بی ایس ای سینسیکس جمعہ کو 1,497.20 پوائنٹس یا 1.84 فیصد کی ہفتہ وار کمی کے ساتھ 79,809.65 پوائنٹس پر بند ہوا، جو اس سال 09 مئی کے بعد سب سے کم سطح ہے ۔ اسی طرح، نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی-50 انڈیکس بھی 443.25 پوائنٹس (1.78 فیصد) گر کر 24,426.85 پوائنٹس پر آگیا، جو 08 اگست کے بعد اس کی کم ترین سطح ہے ۔