جی ۔7سمٹ کا اب ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ انعقاد

,

   

کوروناوائرس خطرہ کے پیش نظر امریکی صدر ٹرمپ کا فیصلہ
تمام سربراہان ممالک اپنے عوام کا تحفظ کریں

واشنگٹن ۔ 20 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے جاریہ سال جون میں منعقد شدنی G-7 چوٹی کانفرنس میں شخصی طور پر شرکت سے معذرت خواہی کرلی ہے کیونکہ کوروناوائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے عالمی سربراہان کی شخصی طور پر شرکت غیریقینی ہوتی جارہی ہے لہٰذا ٹرمپ نے فیصلہ کیا ہے مجوزہ چوٹی کانفرنس کا انعقاد ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ کیا جائے گا۔ وائیٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ کوروناوائرس کے خوف نے بیشتر ممالک کو اپنی سرحدیں بند کردینے پر مجبور کردیا ہے اور سفر پر پابندی عائد کردی تاکہ کووڈ۔19 کے مزید پھیلاؤ کو روکا جاسکے جس سے اب تک زائد از 9000 افراد لقمۂ اجل بن گئے ہیں۔ یاد رہیکہ G-7 چوٹی کانفرنس حالیہ دنوں میں اعلیٰ سطحی کانفرنسوں کو منسوخ کئے جانے کے سلسلہ میں تازہ اضافہ ہے۔ عالمی سطح پر نہ صرف سیاسی ایونٹس بلکہ اسپورٹنگ اور میوزیکل ایونٹس کو بھی یکے بعد دیگرے منسوخ کیا جارہا ہے۔ G-7 سمٹ کا انعقاد کیمپ ڈیوڈ میں 10 تا 12 جون ہونے والا تھا تاہم اب اس کی منسوخی کے بعد اس سمٹ میں شرکت کرنے والے سربراہان ممالک کو کوروناوائرس سے عوام کو درپیش خطرات سے نمٹنے کا اچھا موقع ملے گا۔ جو وقت G-7 سمٹ میں صرف ہوتا وہ اب عوام کی فلاح و بہبود اور کے تحفظ کیلئے استعمال ہوگا۔ وائیٹ ہاؤس سے جاری ایک بیان میں یہ بات کہی گئی۔ وائیٹ ہاؤس کے ڈپٹی پریس سکریٹری جوڈ ڈیر نے کہا کہ G-7 کا انعقاد اب ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ G-7 کے رکن ممالک کو یہ اطلاع بھی دی گئی ہیکہ تمام رکن ممالک سے بہتر رابطہ جاری رکھتے ہوئے صدر ٹرمپ ان سربراہان کے ساتھ اپریل اور مئی میں ویڈیو ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ بھی ربط پیدا کریں گے جیسا کہ انہوں نے جاریہ ہفتہ بھی کیا تھا۔ یادر ہیکہ جاریہ ہفتہ کے اوائل میں صدر ٹرمپ نے G-7 سربراہان کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا انعقاد کیا تھا جس کے رکن ممالک میں امریکہ کے علاوہ کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور برطانیہ شامل ہیں۔