بروسلز : دنیا کے امیر ترین ممالک کے مالیاتی حکام کے اجلاس میں روس کے خطاب کے دوران امریکی سیکریٹری خزانہ جینٹ ییلن کی زیر قیادت متعدد ممالک واک آؤٹ کر گئے، جی 20 اجلاس میں ماسکو کے یوکرین پر حملے کے خلاف احتجاجاً واک آؤٹ کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق جی 20 گروپ کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینک کے گورنرز کے اجلاس میں ماسکو کا اپنے پڑوسی پر حملے کا معاملہ چھایا رہا، یہ فروری کے آخر میں صدر ولادیمیر پیوٹن کے حملے کا حکم دینے کے بعد پہلا اجلاس تھا۔حکام نے تصدیق کی کہ اجلاس کے دوران برطانوی، فرانسیسی اور کینیڈین عہدیداران بائیکاٹ میں شامل ہوئے جو اجلاس کے دوران گرما گرمی کے ماحول ظاہر کرتا ہے۔ذرائع نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ روس کے جی 20 سے بات شروع کرنے پر ’متعدد وزرائے خزانہ اور مرکزی بینک کے گورنرز بشمول یوکرین کے وزیر خزانہ (سرگئی مارچینکو) اور امریکی سیکریٹری خزانہ اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے‘۔