جی 20 اجلاس کو ہیک کرنے کی 26 لاکھ کوششیں ناکام

   

ریاض ۔ نیشنل انفرمیشن سینٹر کے ڈائریکٹر عصام الوقیت نے کہا کہ جی 20 سربراہ کانفرنس کے موقع پر21 اور22 نومبر کو 26 لاکھ ہیکنگ کی کوششیں ناکام بنائی گئیں۔ ہیکرز نے جی 20 اجلاس کو نشانہ بنایا ہے۔ عصام الوقیت نے مزید کہا ہے کہ ہیکرز نے جی 20 کی 15ویں سربراہ کانفرنس پر 26 لاکھ سے زیادہ ہیکنگ کی وارداتیں کی تھیں جنہیں بھرپور طریقے سے ناکام بنا دیا گیا۔نیشنل انفارمیشن سینٹر کے ڈائریکٹر نے کہا کہ سربراہ کانفرنس شروع ہونے سے قبل ہی سارے سسٹم کے ڈھانچے اور اس کی ٹکنالوجی کا مکمل طریقے سے معائنہ کیا گیا تھا اور اسے ہیکرز سے بچانے کیلئے ایک ماہ تک تیاری کی گئی تھی۔اس سلسلے میں سائبر سیکیورٹی نیشنل اتھارٹی کی جانب سے بھی بھرپور تعاون کیا گیا۔ عصام الوقیت نے مزید کہا کہ ہمارے ماہرین نے دو روزہ اجلاس کے دوران ہیکنگ کی متوقع وارداتوں کو روکنے کیلئے سسٹم کی صلاحیت کے بارے میں اطمینان حاصل کر لیا تھا۔