جی 20 میں بین الاقوامی معیشت کے مفاد میں تعمیری فیصلے ہوں گے

   

ریاض ۔ سعودی وزیر خزانہ محمد الجدعان نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی صدارت میں جی 20 ورچوئل سربراہ کانفرنس کے انعقاد کا بڑا مقصد عالمی چیلنجوں پر پورا اترنا ہے۔ یہ کانفرنس 21 اور 22 نومبرکو شاہ سلمان بن عبدالعزیزکی صدارت میں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاض کانفرنس بین الاقوامی معیشت اورصحت کے حوالے سے عالمی بحران سے نمنٹے کیلئے تعاون اور یکجہتی کو آگے بڑھائے گی۔سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ اس سال 26 مارچ کو ہونے والی جی 20 ہنگامی سربراہ کانفرنس نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے رکن ملکوں کو ایک پلیٹ فارم متحدکیا اور وبا سے نمٹنے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کئے تھے۔ الجدعان نے کہا کہ سعودی عرب کے لیے کورونا بحران میں جی 20 سربراہ کانفرنس کی قیادت کرنا باعث فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی 20 کے قائدین نے ہنگامی سربراہ کانفرنس کے موقع پرعالمی صحت نظام کے لئے21 ارب ڈالر سے زیادہ کا بجٹ دینے کا عہدکیا تھا۔ یہ رقم ویکسن وبا کے علاج اورمرض کی تشخیص کے لئے درکار آلات کی تیاری اور تقسیم پر خرچ کی گئی ہے۔