جی 7 چوٹی کانفرنس ستمبر تک ملتوی : ڈونالڈ ٹرمپ کا اعلان

,

   

ہندوستان ‘ روس و دیگر ممالک کو بھی اجلاس میں مدعو کرنے صدر امریکہ کا منصوبہ
واشنگٹن 31 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ماہ جون میں وائیٹ ہاوز میں ہونے والی مجوزہ G7 چوٹی کانفرنس کو ملتوی کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ گروپ اب بے اثر ہوچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہندوستان اور روس جیسے دوسرے ممالک کو بھی اس گروپ میں شامل کرنا چاہتے ہیں جو دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشت ہیں۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے فلوریڈا سے واشنگٹن ڈی سی ان کے ساتھ طیارہ میں سفر کرنے والے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ گروپ 7 ممالک کی چوٹی کانفرنس کو ماہ ستمبر تک ملتوی کر رہے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس گروپ میں روس ‘ جنوبی کوریا ‘ آسٹریلیا اور ہندوستان جیسے ممالک کو بھی مدعو کریں۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ گروپ 7 دنیا میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی نمائندگی کرتا ہے ۔ یہ گروپ عملا قدیم ہوگیا ہے ۔ اس میں اب دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں کو شامل کرنے کی ضرورت ہے ۔ وائیٹ ہاوز کی ڈائرکٹر برائے اسٹراٹیجک مواصلات الیسا الیگزینڈرا فارا نے کہا کہ یہ در اصل امریکہ کے روایتی حلیفوں کو اس گروپ میں شامل کرنے کی کوشش ہے اور امید ہے کہ اس کانفرنس میں اس بات پر غور ہوگا کہ چین کے مستقبل سے کس طرح نمٹا جاسکے ۔ جرمنی کی چانسلر اینجیلا مرکیل کے دفتر نے کہا کہ جب تک کورونا صورتحال بہتر نہیں ہوجاتی وہ کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گی ۔ G7 دنیا کی بڑی اور عصری معیشتوں پر مشتمل سات ممالک کا گروپ ہے ۔ فرانس ‘ جرمنی ‘ اٹلی ‘ جاپان ‘ امریکہ ‘ برطانیہ اور کناڈا اس میں شامل ہیں۔ اس سال گروپ کی صدارت امریکہ کے پاس ہے ۔ اس کا اجلاس ہر سال ایک مرتبہ منعقد ہوگا ہے ۔ ہر سال گروپ کے صدر کی جانب سے ایک یا دو غیر رکن ممالک کے کے سربراہان کو کانفرنس میں خصوصی مدعو کے طور پر شرکت کیلئے مدعو کیا جاتا ہے ۔ گذشتہ سال صدر فرانس ایمانیول میکران نے وزیراعظم نریندر مودی کو G7 کانفرنس میں مدعو کیا تھا ۔