نئی دہلی : ہندوستان نے جی20 گروپ کے رکن ممالک کی پارلیمنٹ کے اسپیکروں سے آج مطالبہ کیا کہ وہ ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے مسئلہ پر محض پالیسیاں اور قوانین بنانے سے مطمئن نہ ہوں بلکہ عوام کو اس بات کی ترغیب دینی چاہیے کہ اپنے روزمرہ کے معمولات کو بدل کر اس سمت میں سب مل کر اپنا حصہ ڈالیں۔جی-20 سربراہی اجلاس سے پہلے یہاں ماحول دوست طرز زندگی پر لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کی صدارت میں آج یہاں ‘پارلیمنٹ فورم آن لائف’ کی ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔ جنوب مغربی دہلی کے دوارکا میں نو تعمیر شدہ بین الاقوامی کانفرنس اور نمائشی مقام یشوبھومی میں منعقد اس میٹنگ میں جی20 ممالک کی پارلیمانوں کے اسپیکر یا پریزائیڈنگ افسران نے شرکت کی۔ برلا اور بہت سے مہمان سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے ایکسپریس میٹرو ٹرین میں سوار ہو کر کانفرنس کے مقام پر پہنچے ۔