نئی دہلی۔ 14 مارچ (یواین آئی) انل امبانی کے بیٹے جے انمول امبانی مسلسل دوسرے دن سی بی آئی کی تحقیقات میں شامل ہوں گے ۔ یہ تحقیقات ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ اور دیگر کے خلاف درج 228 کروڑ روپے کے بینک لون فراڈ کیس سے متعلق ہیں۔ جمعہ کو انہیں پہلی بار تقریباً ساڑھے چھ گھنٹے تک سی بی آئی نے پوچھ گچھ کی۔ بیان درج کرنے کے بعد انہیں جانے کی اجازت دی گئی، لیکن ہفتہ کو دوبارہ خصوصی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کیلئے کہا گیا ہے ۔ یہ کیس وفاقی تحقیقاتی ایجنسی نے 6 دسمبر 2025 کو درج کیا تھا۔ جے انمول امبانی، رویندرا سدھالکر، نامعلوم افراد اور غیر شناختہ سرکاری اہلکاروں کو ملزم کے طور پر نامزد کیا گیا ہے ۔ ایک سینئر سی بی آئی افسر نے بتایاکہ جے جمعہ کو تحقیقاتی افسر کے سامنے پیش ہوئے اور تقریباً ساڑھے چھ گھنٹے تک ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔ مزید جانچ کیلئے انہیں ہفتہ کو بھی پیش ہونے کی ہدایت دی گئی ہے ۔سی بی آئی نے ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ (ریلیانس اے ڈی اے گروپ کی کمپنی)، اس کے پروموٹرز؍ ڈائریکٹرز اور نامعلوم بینک افسران کے خلاف یونین بینک آف انڈیا کی شکایت پر مجرمانہ مقدمہ درج کیا۔ شکایت میں مجرمانہ سازش، دھوکہ دہی اور بدعنوانی کا الزام لگایا گیا ہے ، جس سے یونین بینک آف انڈیا (سابق آندھرا بینک) کو 228.06 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔