حیدرآباد ۔ 4 مارچ ( سیاست نیوز) جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی سے ملحقہ کالجوں میں انجنیئرنگ کورسیس کی فیس رقومات میں اضافہ کی تجویز پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے اور اس سلسلہ میں ٹی اے ایف آر سی سے درخواست کی جائیگی ۔ وائس چانسلر جواہر لعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی پروفیسر وینوگ وپال ریڈی نے کہاکہ طویل عرصہ سے جے این ٹی یو کے ملحقہ گورنمنٹ انجنیئرنگ کالجوں میں فیس رقم صرف دس ہزار روپئے ہی ہے ۔ لہذا اس کو بڑھاکر 20 ہزار کرنے کی تجویز ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ طلبہ پر زائد مالی بوجھ عائد نہ ہونے اور کالجوں کے مصارف کی پابجائی کیلئے فیس رقم میں معمولی اضافہ کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ خانگی انجنیئرنگ کالجوں میں برسر جگر تمام لکچررس اب ہر سال فیکلٹی ڈیولپمنٹ پروگرام میں حاضر رہنا ضروری ہوگا اور جاریہ تعلیمی سال سے اس شرط پر سختی کے ساتھ عمل آوری کی جائے گی ۔ بدلتے ہوئے حالات میں تدریسی طریقہ کار میں تبدیلی لانے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ پروفیسر ریڈی نے بتایا کہ جے این ٹی یو اور ملحقہ انجنیئرنگ کالجوں کی کارکردگی میں بہتری پیدا کرنے اور معیار تعلیم میں بہتری پیدا کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔