وزیر صحت کی شدید برہمی ، واقعہ کی تحقیقات اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت
حیدرآباد۔9۔جولائی (سیاست نیوز) جواہرلعل نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی سلطان پور کے میس میں سربراہ کئے جانے والے کھانے میں دی گئی چٹنی میں چوہا پائے جانے کے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ریاستی وزیر صحت مسٹر دامودر راج نرسمہا نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس واقعہ کی تحقیقات کرتے ہوئے جامع رپورٹ انہیں پیش کریں۔ ریاستی وزیر صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے مطابق انہوں نے سنگاریڈی اڈیشنل کلکٹر اور متعلق آر ڈی او کو اس بات کی ہدایت دی ہے کہ وہ شخصی طور پر جے این ٹی یوسلطان پور کیمپس کا معائنہ کرتے ہوئے اس واقعہ کی تفصیلات حاصل کریں۔ریاستی وزیر صحت نے سرکاری یونیورسٹی کے کیمپس میں پیش آئے اس واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ریاست کے ان تمام سرکاری اسکولوں اور ہاسٹلس کے علاوہ یونیورسٹی ہاسٹلس کے میس کا دورہ کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی کی جانچ کو یقینی بنائیں۔انہوں نے عہدیدارو ںکو ہدایت دی کہ وہ سرکاری بورڈنگ سہولتوں کے علاوہ خانگی اسکولوں کے ہاسٹلس میں موجود سہولتوں کا بھی معائنہ کرتے ہوئے ان کی تفصیلات حاصل کریں اور جن مقامات پر FSSAI کے قوانین پر عمل نہ کیا جارہا ہے ان کے خلاف فوری طور پر کاروائی کرتے ہوئے ان کے لائسنس کی تنسیخ کے اقدامات کئے جائیں۔وزیر صحت مسٹر دامودر راج نرسمہا نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کو اشیائے تغذیہ کی فروخت کرنے والے تمام اداروں ریستوراں ‘ ہوٹل ‘ بیکری کے علاوہ دیگر مقامات پر دھاوے کرتے ہوئے حقائق سے آگہی حاصل کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کسی بھی مقام پر جہاں فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی ہورہی ہے ان کے خلاف کاروائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو محفوظ اشیائے تغذیہ کی فراہمی کے اقدامات ممکن ہوسکیں۔انہوں نے جے این ٹی یو سلطان پور کیمپس میں پیش آئے واقعہ کو انتہائی افسوسناک قرار دیا۔ واضح رہے کہ جے این ٹی یو سلطان پور کے میس کا ایک ویڈیو طلبہ نے سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا تھا کہ میس میں فراہم کی جانے والی چٹنی میں چوہا تیر رہا تھا اور اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مختلف گوشوں سے جے این ٹی یوانتظامیہ کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا جانے لگا تھا۔ریاستی وزیر صحت کی جانب سے تمام سرکاری اور خانگی بورڈنگ سہولتوں کے میس اور ان میں فراہم کئے جانے والے اشیائے تغذیہ کی جانچ کے احکام کے بعد کہا جا رہاہے کہ ریاست بھر میں محکمہ صحت کی جانب سے اعلیٰ عہدیداروں کی نگرانی میں خصوصی مہم چلاتے ہوئے تعلیمی اداروں کے بورڈنگ سہولتوں اور ان میں فراہم کئے جانے والے کھانوں کے معیار کی جانچ کی جائے گی۔3