جے این ٹی یو طلبا کو امتحان تحریر کرنے ایک گھنٹہ کا اضافی وقت

   

حیدرآباد۔ طلبا کیلئے کچھ راحت فراہم کرتے ہوئے جواہر لال نہرو ٹکنالوجیکل یونیورسٹی حیدرآباد نے سیمسٹر امتحان کے دورانیہ میں ایک گھنٹے کی توسیع کی ہے ۔ اس کے مطابق طلبا کو سابقہ دو گھنٹوں کی بجائے تین گھنٹوں کے وقت میں امتحان تحریر کرنا ہوگا ۔ یونیورسٹی نے تاہم پرچہ سوالات کے پیاٹرن کو تبدیل نہیں کیا ہے ۔ طلبا کو آٹھ کے منجملہ پانچ سوالات کے جواب تحریر کرنے ہونگے اور پرچہ سوالات میں کوئی لازمی سیکشن نہیں رہے گا۔ 2019-20 میں کورونا کی وجہ سے اسی پیاٹرن کے پرچہ سوالات کو اختیار کیا گیا تھا ۔ 8 مارچ سے شروع ہونے والے تمام سیمسٹر کے امتحانات کیلئے اضافی وقت ( دورانیہ ) کا اطلاق ہوگا ۔ رجسٹرار جے این ٹی یو حیدرآباد پروفیسر منظور حسین نے بتایا کہ اس سلسلہ میں طلبا کی جانب سے نمائندگی مل رہی تھی کہ امتحان مکمل تحریر کرنے وقت کافی نہیں ہے ۔ ایسے میں ہم نے امتحانات کا دورانیہ دو گھنٹوں سے بڑھاکر تین گھنٹے کردیا ہے ۔ بی ٹیک اور بی فارمیسی کے تمام سیمسٹرس کیلئے اس کا طلاق ہوگا جو 8 مارچ سے شروع ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نشانات اور پرچہ سوالات کے پیاٹرن میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ طلبا کو ان کی ترجیحات کے مطابق ان کے آبائی شہر سے قریبی امتحانی مراکز الاٹ کئے جائیں گے ۔ اسی طرح یونیورسٹی نے طلبا سے ان کی ترجیحات کا پتہ بھی کرلیا ہے ۔ ریاستی حکومت کی ہدایات کی تکمیل کرتے ہوئے یونیورسٹی تمام سیمسٹرس کیلئے سال 2020-21 میںحاضری کی بنیاد پر کسی طالب علم کو امتحان سے محروم نہیں کریگی ۔ جے این ٹی یو امتحانات برانچ کی جانب سے ون ٹائم چانس امتحانات ( خصوصی سپلیمنٹری ) امتحان بشمول انٹرنل مارکس امپرومنٹ امتحان کیلئے اعلامیہ بھی جاری کردیا ۔ اس اعلامیہ سے انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ تمام طلبا کو استفادہ کی گنجائش فراہم کی گئی ہے ۔