طلباء نے دہلی فساد متاثرین کو پناہ دی ، غذا ، دوائیں اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی
نئی دہلی ۔ یکم / مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جواہر لال نہرو یونیورسٹی رجسٹرار کی جانب سے انتباہ کی پرواہ کئے بغیر جواہر لال نہرو یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین نے دہلی فسادات میں متاثرین کو سہارا دیا اور ان کی مدد کی ۔ دہلی متاثرین کو پناہ دینے کیخلاف جے این یو رجسٹرار کے انتباہ کو نظرانداز کرتے ہوئے طلباء نے انسانی جذبہ کی بنیاد پر متاثرین میں امداد تقسیم کی ۔ یونین کے لیڈر نے کہا کہ یونیورسٹی کے دروازہ متاثرین کیلئے کھلے ہیں ۔ جمعہ کے دن جے این یو رجسٹرار پرمود کمار نے خبردار کیا تھا کہ اگر کوئی بھی طلباء فساد متاثرین کو پناہ دینے کی کوشش کریں گے تو ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی ۔ جے این یو میں 1984 ء میں پناہ گاہیں قائم کی گئی تھیں ۔ آج بھی یہ پناہ گاہیں کھلی ہوئی ہیں ۔ جے این یو طلباء نے کہا کہ یہاں پر متاثرین کو پناہ دینے کا عمل برقرار ہے ۔ جے این یو انتظامیہ نے ہمارے خلاف تادیبی کارروائی کی دھمکی دی تھی لیکن ہم نے اس دھمکی کی پرواہ نہیں کی اور متاثرین کی مدد کی ہے ۔ جے این یو کے وائس چانسلر جگدیش کمار نے کہا کہ طلباء جے این یو کمیونٹی سے اشیاء حاصل کرکے متاثرین میں تقسیم کرسکتے ہیں ۔ ہم دہلی میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور امن چاہتے ہیں ۔ جے این یو کو سی اے اے کیخلاف احتجاج کا مرکز بھی کہا جاتا ہے ۔