نئی دہلی ۔ 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے سرکردہ اسپورٹس مین بشمول سابق انڈین اوپنر گوتم گمبھیر اور گرینڈ سلام چمپئن روہن بوپنا نے دہلی کی جواہر لعل نہرو یونیورسٹی میں اتوار کی شب نامعلوم نقاب پوش ہجوم کے ہاتھوں طلبہ اور پروفیسرس پر کئے گئے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جے این یو کیمپس میں اتوار کی رات نامعلوم نقاب پوش افراد نے اچانک لاٹھیوں سے حملہ کردیا تھا جس کے نتیجہ میں انتظامیہ کو پولیس طلب کرنے پر مجبور ہونا پڑا تھا اور پولیس نے فلیگ مارچ کیا۔ ورلڈکپ فاتح کرکٹر اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ گوتم گمبھیر نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ یونیورسٹی کیمپس میں اس قسم کا تشدد ملک کے اقدار و روایات کے یکسر مغائر ہے۔ طلبہ کو اس طرح سے (حملوں کا) نشانہ نہیں بنایا جاسکتا۔ ان کے نظریات، ذہنی میلان خواہ کچھ بھی ہے‘۔ روہن بوپنا نے اس حملہ کو وحشتناک اور شرمناک قرار دیا۔
