جے این یو طلباء کیلئے فکر مند ہوں:عرفان

   

نئی دہلی۔7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سابق آل راؤنڈرعرفان پٹھان نے جواہرلال نہرو یونیورسٹی میں اتوارکو ہوئے تشدد پرناراضگی کا اظہارکیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پرکہا کہ جوکچھ بھی یونیورسٹی کے اندرہورہا ہے، اس سے ملک کی شبیہ خراب ہورہی ہے۔ عرفان پٹھان نے گزشتہ ہفتے ہی بین الاقوامی کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا ہے۔ وہ ملک سے متعلق مسائل پررائے ظاہر کرنے سے پیچھے نہیں ہٹتے ہیں۔ انہوں نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلباء پر پولیس کے ظلم وتشدد کیخلاف بھی اپنا موقف ظاہر کیا۔ عرفان پٹھان نے اس سے قبل شہریت ترمیمی قانون کیخلاف ہوئے احتجاج میں پولیس کی کارروائی میں جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کئی طلباء زخمی ہوئے تھے، اس پرتشویش کا اظہارکیا تھا۔ ہندوستان کیلئے29 ٹسٹ اور129 ونڈے کھیل چکے عرفان پٹھان نے ٹوئٹ کیا تھا، سیاسی الزامات اورجوابی الزامات توچلتے رہیں گے، لیکن میں اورہمارا ملک جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طلباء کیلئے فکرمند ہوں۔