جے این یو میں آئشی گھوش ودیگر سے پولیس کی پوچھ گچھ

   

نئی دہلی ۔13 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس کرائم برانچ کی ٹیم نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں آج تین طلباء سے 5 جنوری کو کیمپس میں ہوئے پرتشدد واقعات سے متعلق پوچھ تاچھ کی ۔ طلباء میں یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کی صدر آئشی گھوش بھی شامل ہے۔ پولیس عہدیداروں نے پنکج مشرا ، واسکرو جئے میمک اور آئشی گھوش سے کئی سوالات کئے ۔ یہ تینوں ان (9) مشتبہ افراد میں شامل ہیں جن کی تصاویر پولیس نے حال ہی میں جاری کی ہیں۔ 5 جنوری کو کیمپس میں ہوئے تشدد میں آئشی گھوش کے بشمول (35) طلباء زخمی ہوگئے تھے ۔ گزشتہ ہفتہ دہلی پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں تشدد طلباء کے رجسٹریشن کے عمل کے مسئلہ پر یکم جنوری سے جاری تناؤ کا نتیجہ ہے ۔ آئشی گھوش ، مشتبہ (9) کے منجملہ ان سات طلباء میں شامل ہے جو بائیں بازو کی حمایتی اسٹوڈنٹس یونین سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ دیگر دو کا تعلق بی جے پی کی حمایتی اے بی وی پی سے ہے ۔