جے این یو میں تشدد کی مخالفت میں مانو میں احتجاج

   

حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( راست ) : گزشتہ ایک مہینے سے ملک بھر کے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں طلبہ کے پرامن احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے اور طلبا نے جواہر لال یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ پر جان لیوا حملے کی پرزور مذمت کی۔واضح رہے کہ کل رات میں اے بی وی پی اور اس کے ہم خیال سماج دشمن عناصر نے طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ بری طرح مار پیٹ کی ہے۔ افسوس کا مقام ہے کہ اس پورے حادثے کے دوران یونیورسٹی انتظامیہ، سیکورٹی اہل کاران اور دہلی پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔ آج دن میں بارہ بجے بڑی تعداد میں تدریسی و غیر تدریسی عملے اور طلبہ یونیورسٹی کی فاصلاتی نظام تعلیم کی بلڈنگ کے قریب اکٹھا ہوئے۔حادثے کی مذمت کے تعلق سے بیشتر افراد نے پوسٹر، بینر اور پلے کارڈ لیے ہوئے نعرے لگائے۔ احتجاج کرتے ہوئے وہ یونورسٹی کے مرکزی گیٹ تک پہنچے جہاں بہت سارے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کے نمائندگان نے جے این یو کیمپس میں نقاب پوش غنڈوں کی کھلے عام غنڈہ گردی پر اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔پروفیسرمحمد فریاد نے حالیہ دنوں میں جس قسم سے یونیورسٹیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اس پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا۔پروفیسر شاہدہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمارے اعلیٰ تعلیمی ادارے لڑکیوں اور خواتین کے لیے محفوظ نہیں حالانکہ اب تک ان اداروں کو ہر اعتبار سے محفوظ سمجھا جاتارہا ہے۔ڈاکٹر فیروز عالم نے اس پورے حادثے کی مذمت کی اور کہا کہ درحقیقت کل جو کچھ بھی طلبہ اور اساتذہ کے ساتھ کیا گیا ان کا جرم محض یہ تھا کہ وہ فیس میں ہونے والے اضافے کے خلاف پچھلے کئی مہینوں سے احتجاج کررہے تھے۔ ڈاکٹر سید حماد ہاشمی اور جناب معین الدین نے بھی اس موقع پر اپنے دکھ کا اظہار کیا اور جے این یو برادری سے حمایت کا اعلان کیا۔پروفیسر محمد شاہد نے گزشتہ دنوں میں ہونے والے احتجاجات اور انھیں کچل ڈالنے کی تدبیروں پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا اگر ہم اپنے تعلیمی اداروں کو تباہ ہونے سے بچانا چاہتے ہیں تو ہمیں ہر ناانصا فی کے خلاف آواز اٹھانی ہوگی کیوں کہ کسی بھی جگہ ہونے والی نا انصافی حقیقت میں انصاف کے لیے بھی خطرہ ہے۔ اس احتجاجی مظاہرے کا اختتام قومی ترانے سے ہوا۔
طلبہ کے لیے تحریری اور حب الوطنی گیتوں کا مقابلہ
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری : ( راست ) : مانو المونی اسوسی ایشن کی جانب سے یوم جمہوریہ کے موقع پر اردو میڈیم طلباء کے لیے تحریری مقابلوں اور حب الوطنی کے گیتوں کے لیے مقابلوں کا اعلان کیا گیا ہے ۔ صدر مانو المونی اسوسی ایشن اعجاز علی قریشی کے مطابق تحریری اور حب الوطنی گیتوں کے مقابلوں میں صرف اردو میڈیم کے طلباء طالبات ہی حصہ لے سکتے ہیں ۔ تقسیم انعامات کا جلسہ 25 جنوری 2020 کو مقرر ہوگا ۔ مزید تفصیلات کے لیے صدر مانو المونی اسوسی ایشن سے 9391011076 پر ربط کریں ۔