جے این یو میں طلبہ پر حملہ کے خلاف این ایس یو آئی کا احتجاج

   

وزیر اعظم نریندر مودی کا پتلا نذر آتش ، یوتھ کانگریس نے بھی حملہ کی مذمت کی
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس نے جے این یو میں آر ایس ایس کے غنڈہ عناصر کی جانب سے طلبہ اور پروفیسرس پر حملہ کی مذمت کی ہے۔ یوتھ کانگریس کے ترجمان ایس پی کرانتی کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جے این یو میں بزدلانہ حملہ میں تقریباً 30 طلبہ کو زخمی کردیا گیا ، ان میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔ ترجمان نے کہا کہ چہروں کو چھپائے ہوئے اشرار لاٹھیوں اور لوہے کی سلاخوں سے لیس تھے لیکن پولیس نے کارروائی کے بجائے تماش بین کا رول ادا کیا ۔ یوتھ کانگریس نے حملہ کیلئے اے بی وی پی کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف ملک بھر میں طلبہ کے احتجاج کو کچلنے یہ کارروائی کی گئی۔ یوتھ کانگریس اس واقعہ کی مذمت کرتی ہے اور عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ ملک بھر میں طلبہ اور نوجوانوں کی آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ پر حملہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ۔ کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی کی جانب سے ابراہیم پٹنم ضلع رنگا ریڈی نے احتجاج منظم کیا گیا۔ ساگر ہائی وے روڈ پر این ایس یو آئی کارکنوں نے حملہ کے خلاف وزیراعظم نریندر مودی کا علامتی پتلا جلایا ۔ این ایس یو آئی کے صدر بی وینکٹ کی قیادت میں کارکنوں کی کثیر تعداد احتجاج میں شریک رہی۔