نئی دہلی ۔ 3 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کیمپس میں 5 جنوری کو طلبہ اور اساتذہ پر حملہ سے متعلق مقدمہ میں جے این یو کے ایک پروفیسر کی جانب سے درج کروائے گئے ایف آئی آر کی بنیاد پر دہلی کی ایک عدالت نے متعلقہ پولیس سے کارروائی رپورٹ (اے ٹی آر) طلب کی ہے۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ انکیتا لال نے متعلقہ اسٹیشن ہاؤز آفیسر کو ہدایت کی ہے کہ وہ 25 مارچ تک رپورٹ پیش کریں۔ عدالت نے کہا کہ ’’اس بات پر کہ آیا شکایت گزار کی طرف سے متعلقہ پولیس اسٹیشن میں کوئی شکایت بھی درج کی گئی ہے، اس بات کا پتہ چلانے کیلئے متعلقہ اسٹیشن ہاوس آفیسرس سے کارروائی رپورٹ طلب کی جائے اور یہ دریافت کیا جائے کہ شکایت پر انہوں نے کیا کارروائی کی ہے اور تحقیقات کا موقف بیان کیا جائے۔ یہ بتایا جائے کہ آیا کوئی ایف آئی آر بھی درج کیا گیا ہے ؟ پروفیسر سوچتر سین نے جو 5 جنوری کو کیمپس میں نقاب پوش افراد کے حملہ میں زخمی ہوئی تھیں، یہ درخواست داخل کی ہیں۔ درخواست گزار نے ادت پجاری ایڈوکیٹ کے توسط سے عدالت سے رجوع ہوئی ہیں اور یونیورسٹی کیمپس میں تشدد کی سرگرمیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی خواہش کی۔