نئی دہلی: دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی انتظامیہ نے طلباء کے روزانہ احتجاج کو لے کر بڑا فیصلہ لیا ہے۔ جے این یو انتظامیہ تعلیمی عمارتوں کے 100 میٹر کے اندر احتجاج کرنے اور دیواروں پر پوسٹر لگانے پر 20 ہزار روپے تک کا جرمانہ عائدکر نے کا فیصلہ کیا اور اگر معاملہ سنگین ہے تو اسے یونیورسٹی سے نکالنے تک کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ جے این یو کے نئے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ملک مخالف سرگرمیوں کیلئے طلبہ کو 10 ہزار روپے کا جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔جے این یو کا نیا حکم یونیورسٹی کے مختلف اسکولوں کی تعلیمی عمارتوں پر لاگو ہوتا ہے۔ کلاس رومز اور لیبارٹریز کے علاوہ نئے قوانین میں چیئرپرسنز، ڈینز اور دیگر اہم عہدیداروں کے دفاتر بھی شامل ہیں۔ جے این یو انتظامیہ نے یہ فیصلہ تشدد اور جھڑپوں کو روکنے کیلئے لیا ہے۔پہلے جے این یو کے انتظامی بلاک کے 100 میٹر کے اندر احتجاج ہوا کرتا تھا لیکن دہلی ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ان علاقوں میں احتجاج پر پابندی لگا دی گئی۔ نئے قوانین کے مطابق کسی طالب علم پر جسمانی تشدد، کسی دوسرے طالب علم، ملازم یا فیکلٹی ممبر کے ساتھ بدسلوکی یا مار پیٹ کرنے پر 50 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جائے گا۔