اے بی وی پی کے حملہ آور کی حفاظت اور کار میں فرار ہونے میں معاونت کا الزام
حیدرآباد ۔ /5 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلباء پر نقاب پوش حملہ آوروں کی دہلی پولیس نے مدد کی ! جے این یو کے طلباء کی جانب سے آج رات ہوئے حملے کے بعد بعض ویڈیوز ہنگامی حالات میں میڈیا کو روانہ کئے گئے جس میں یہ ظاہر ہوتا ہے کہ دہلی پولیس عملہ اکھیل بھارتی ودیارتی پریشد کے کارکنوں کی کھل کر مدد کی ۔ ایک ایسا ویڈیو طلباء نے وائرل کیا ہے جس میں دکھایا گیا کہ دہلی پولیس عملہ اے بی وی پی کے سرگرم لیڈر کی مبینہ پشت پناہی کرتے ہوئے اس کی حفاظت کی اور کار میں بھاگنے میں مددگار ثابت ہوئے ۔ طلباء نے یہ الزام عائد کیا کہ پولیس نے انہیں جے این یو کے باب الداخلہ پر بھارت ماتا کی جئے کے نعرے لگانے کیلئے کہا جبکہ وہاں کے اسسٹنٹ پروفیسر تپن کمار بہاری نے طلباء کی نشاندہی کرتے ہوئے اے بی وی پی کارکنوں کو ان کی شناخت کروائی ۔ طلباء نے اے بی وی پی کے حملہ کو دہشت گرد حملہ قرار دیا چونکہ یہاں کے طلباء پہلے سے ہی فیس کے اضافہ کے خلاف جدوجہد کررہے ہیں ۔