نئی دہلی 22 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) جواہرلال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں ہاسٹل فیس میں اضافہ کے خلاف احتجاج کے مسئلہ پر آج راجیہ سبھا میں بی جے پی اور بائیں بازو کی جماعتوں کے درمیان زبردست تصادم دیکھنے میں آیا۔ وقفہ صفر کے درمیان سی پی آئی (ایم) کے رکن راجیہ سبھا کے کے رمیش نے یہ مسئلہ اُٹھاتے ہوئے مطالبہ کیاکہ احتجاجی طلبہ پر کئے گئے لاٹھی چارج کی عدالتی تحقیقات کی جائے اور پولیس کارروائی کو تفتیش کے دائرہ میں لایا جائے جس کے جواب میں بی جے پی رکن راجیہ سبھا پربھات جھا نے اعتراض کرتے ہوئے فوری طور پر جے این یو کیمپس میں حال ہی میں سوامی ویویکانند کے مجسمہ کی توہین کا مسئلہ اُٹھایا۔ اور ساتھ ہی اُنھوں نے کہاکہ جے این یو کیمپس کے طلبہ مخالف ہندوستان نعرہ بازی کرنے کے لئے جانے جاتے ہیں۔ اِس طرح الزامات اور جوابی الزامات کے دوران دو جماعتوں کے ارکان ایک دوسرے سے متصادم ہوگئے۔