جے ای ای مینس میں نمایاں کامیابی

   

ظہیرآباد 3/مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ظہیرآباد منڈل کے الگول گاؤں میں اقلیتی اقامتی جونیئر کالج سینٹر آف ایکسیلینس (سی او ای) کے ایک طالب علم شیخ فیروز نے جے ای ای مینس امتحان میں 92.96 فیصد نمبروں کے ساتھ جے ای ای ایڈوانس کے لئے کوالیفائی کیا – وا ضح رہے کہ شیخ فیروز کے والدین محنت کش اور کسان طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ پرنسپل کلیم صدیقی جمیل اور جے رامولو نے بتایا کہ کالج میں منعقدہ تہنیتی تقریب میں شیخ فیروز کی گلپوشی اور شال پوشی کی گئی اور اسکول اور کالج کے عملہ نے انہیں مبارکباد پیش کی۔ شیخ فیروز نے اس قابلیت کے ساتھ ورنگل میں NIIT میں سیٹ حاصل کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ ایڈوانس کے ذریعے آئی آئی ٹی میں کامیاب ہوں گے۔ اس کے علاوہ شیخ فیروز نے NDA ایس ایس بی انٹرویو کے لئے بھی کوالیفائی کیا ہے اور اور انہیں یقین ہے کہ اسے ایئر فورس میں نوکری مل جائے گی۔ شیخ فیروز نے کہا کہ وہ یہ جیت اپنی والدہ صفیہ بیگم کے نام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ، عملہ اور خاص طور پر ٹیمرس کے سیکرٹری بی شفیع اللہ کا شکریہ ادا کیا ۔اس موقع پر متحدہ میدک ڈسٹرکٹ آر ایل سی ڈاکٹر ڈی نرسمہا، ویجیلنس آفیسرز غوث پاشاہ اور پربھورام ، اسکول پرنسپل جے رامولو ،کالج پرنسپل کلیم صدیقی جمیل ، ڈپٹی وارڈن سمیع الدین کوآرڈینیٹر مقصود احمد ، جونیئر اسسٹنٹ عرفان اور تدریسی اور غیر تدریسی عملہ اور طلباء نے شرکت کی۔