ہریانہ کانگریس کی صدر کماری شیلجا نے جن نایک جنتاپارٹی کی بی جے پی کو حمایت دینے کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ انہوں نے ہریانہ کی عوام کو دھوکہ دیا ہے۔ آج یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ریاست میں ووٹروں نے جن نایک پارٹی کو دس سیٹیں دی ہیں وہ صرف جے جے پی کے ہی نہیں بلکہ بی جے پی مخالف بھی ووٹ تھے اور جے جے پی کے بی جے پی کو حمایت دینے سے وہ سبھی ووٹر آج تکلیف پہونچی ہے ۔ جے جے پی نے بی جے پی کو حمایت دیکر ان ووٹروں کی حمایت کو ٹھکرا دیا ہے اور بی جے پی کو حمایت دے کر اپنے اقتدار لالچ کا ثبوت دیا ہے۔
کماری شیلجا نے دعوی کیا کہ ووٹوں کی خاطر بی جے پی نے ہریانہ کے بھائی چارے کو خوب کمزور کیا ہے۔ اس وجہ سے عوام نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو منہ توڑ جواب دیا لیکن ریاست کے معصوم عوام بھارتیہ جنتا پارٹی کے پلان بی منصوبے کے تحت جے جے پی کی اصلیت پہنچان نہیں پائی اور کئی سیٹوں پر جے جے پی کو ووٹ دے کر ان کے دس اراکین کو ایوان تک پہونچا دیا۔ اور بی جے پی کےلیے بی ٹیم کا رول ادا کردیا۔
بی جے پی کی اس بی ٹیم(جے جے پی)نے انتخابی نتائج آتے ہی بی جے پی کو حمایت دینے میں ذرا بھی دیر نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ جن نایک جنتا پارٹی نے عوام سے کئی وعدے کیے تھے۔ ان میں بے روزگاروں کو 11000 روپے بھتہ، ریاست کی 75 فیصد نوکریاں ریاست کے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنااور بزرگ پنشن 5100 ماہانہ کرنے جیسے وعدے شامل تھے۔ یہ سبھی وعدے کانگریس پارٹی نے بھی کیے تھے۔ کانگریس پارٹی کی حکومت بننے کے بعد یہ سبھی وعدے پورے کیے جانے تھے لیکن جے جے پی نے عوام کے مفاد سے ہٹ کر اپنے اقتدار کی لالچ میں بی جے پی کو ساتھ دیا ہے جو انے والے دنوں میں انکی پارٹی کےلیے مشکلات کھڑی کر سکتی ہے۔