جے سی دیواکر ریڈی کے ریمارکس پر ہنگامہ سے کانگریس پریشان

   

بھٹی وکرمارکا اور دو ارکان نے وضاحت جاری کی
حیدرآباد: آندھراپردیش سے تعلق رکھنے والے تلگو دیشم قائد جے سی دیواکر ریڈی کے سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے متعلق ریمارکس پر کانگریس کے ہنگامہ کے بعد ان سے ملاقات کرنے والے قائدین نے دفاعی موقف اختیار کرتے ہوئے وضاحت جاری کی ہے۔ دیواکر ریڈی نے کل اسمبلی میں واقع سی ایل پی آفس پہنچ کر بھٹی وکرمارکا ، راج گوپال ، جیون ریڈی اور سریدھر بابو کی موجودگی میں کانگریس اور کانگریس قائدین کے بارے میں منفی ریمارکس کئے تھے جسے میڈیا میں اہمیت کے ساتھ پیش کیا گیا ۔ کانگریس کے کئی قائدین نے اس مسئلہ پر ہائی کمان سے شکایت کی اور ملاقات کرنے والے قائدین سے وضاحت طلب کرنے کا مطالبہ کیا ۔ پارٹی قائدین اور کارکنوں میں ناراضگی کو دیکھتے ہوئے بھٹی وکرمارکا ، سریدھر بابو اور جیون ریڈی نے آج وضاحتی بیان جاری کیا ۔ انہوں نے کہا کہ دیواکر ریڈی نے سونیا گاندھی ، راہول گاندھی کے علاوہ تلنگانہ کی تشکیل کے بارے میں جو بھی منفی ریمارکس کئے تھے ، ان کا ارکان اسمبلی نے بروقت جواب دیا ۔ دیواکر ریڈی سے کہا گیا کہ انہوں نے سیاسی میدان میں جو بھی ترقی کی ہے ، کانگریس کی مرہون منت ہے۔ تلنگانہ کی تشکیل اور قیادت کے بارے میں دیواکر ریڈی کے ہر ریمارک کا جواب دیا گیا لیکن میڈیا نے کانگریس ارکان کے جوابات کے بجائے دیواکر ریڈی کے ریمارکس کو اہمیت دیتے ہوئے شائع کیا۔ ارکان مقننہ نے وضاحت کی کہ وہ خاموش نہیں رہے لیکن میڈیا نے ان کے جوابات کو شائع نہیں کیا جس کے سبب کیڈر میں غلط فہمی پیدا ہوئی ہے ۔ انہوں نے قائدین اور کارکنوں سے خواہش کی کہ وہ غلط فہمی کا شکار نہ رہے۔