جے پو۔ راجستھان کرکٹ اسوسی ایشن (آر سی اے ) کے ذریعہ جے پور میں تجویز کردہ بین الاقوامی کرکٹ اسٹیڈیم ملک میں دوسرا سب سے بڑا اور دنیا کا تیسرا سب سے بڑا اسٹیڈیم ہوگا۔آر سی اے سکریٹری مہیندر شرما نے بتایا کہ اس میں 75 ہزار شائقین کی گنجائش ہوگی جو گجرات کے موتیرا کرکٹ اسٹیڈیم اور آسٹریلیا کے میلبورن کرکٹ اسٹیڈیم کے بعد تیسرا بلند مقام ہے ۔ یہ اسٹیڈیم دو مراحل میں تعمیر کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 45 ہزار ناظرین کی گنجائش ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے میں اس کی گنجائش 75 ہزار ناظرین تک بڑھا دی جائے گی۔ یہ اسٹیڈیم 100 ایکڑ اراضی پر تعمیر کیا جائے گا جس میں ایک کثیر مقصدی ٹریننگ اکیڈمی ، جدید کلب ہاؤس جس میں انڈور کھیلوں کی سہولیات ، چار ہزار کاروں کے لئے پارکنگ اور پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے خصوصی جگہ تعمیر کی جائے گی۔ اسٹیڈیم کے مشرق اور مغرب میں عوام کی سہولت کے لئے ریستوران سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔ اسٹیڈیم میں30 پریکٹس نیٹ کے ساتھ بین الاقوامی سطح کے دو میدان بھی ہوں گے ۔ اس کے علاوہ ایک جدید ترین پریس کانفرنس روم ہوگا جس میں میڈیا کے لئے250 نشستوں کی گنجائش ہوگی۔راجستھان اسمبلی کے اسپیکر اور آر سی اے کے چیف سرپرست ڈاکٹر سی پی جوشی اور آر سی اے کے صدر ویبھو گہلوت کو جمعہ کے روز مہند اینڈ اسوسی ایٹ اور اندور کے اسوسی ایٹ اور دہلی کی اسپورٹس ڈیزائن کنسلٹنٹ فرم نے اس سلسلے میں اسٹیڈیم کی تعمیر کے بارے میں مکمل معلومات دی تھی۔ اس عالمی معیار کے گرین کرکٹ اسٹیڈیم میں بنیادی طور پر جدید ترین گرینڈ پویلین اسٹینڈ ، کارپوریٹ باکس ، عالمی سطح کے کھیلوں کے میدان ، تمام کھیلوں کے شائقین کو اسٹیڈیم آنے والے تماشائیوں سمیت اعلی سطح کی سہولیات موجود ہوں گی۔