پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر بغاوت ۔ بی جے پی کے راجندر سنگھ اور جے ڈی یو کے بھگوان کشواہا کی ایل جے پی میں شمولیت
پٹنہ : این ڈی اے کی باغی ایل جے پی ایسا لگتا ہے کہ بی جے پی کے ساتھ ساتھ جے ڈی یو سے ناراض کارکنوں اور قائدین کے لئے آسرا یا پناہ گاہ بن چکی ہے۔ یہ ناراض قائدین وہ ہیں جنھیں اسمبلی چناؤ میں انتخاب لڑنے کے لئے پارٹی ٹکٹ حاصل نہیں ہوئے ہیں۔ سب سے پہلے بی جے پی کے ریاستی نائب صدر راجندر سنگھ اور جے ڈی (یو) کے سابق وزیر بھگوان سنگھ کشواہا نے منگل کو ایل جے پی میں شمولیت اختیار کی۔ اُن کے بعد مزید دو بی جے پی قائدین اوشا ودیارتھی اور رامیشور چورسیا چراغ پاسوان زیرقیادت پارٹی میں چہارشنبہ کو شامل ہوئے۔ اوشا نے نئی دہلی میں صدر پارٹی پاسوان کی موجودگی میں اپنی سیاسی وفاداری تبدیل کی۔ ایل جے پی ذرائع نے کہاکہ اوشا کو امکان ہے کہ ضلع پٹنہ میں اسمبلی حلقہ پالی گنج سے پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا، جو نشستوں کی تقسیم منگل کو معلنہ این ڈی اے سمجھوتے میں جے ڈی یو کے حصہ میں آیا ہے۔ ایل جے پی میں شمولیت کے بعد اوشا نے جو بہار اسٹیٹ ویمنس کمیشن کی ممبر ہے، کہاکہ وہ جے ڈی (یو) کے قومی صدر اور چیف منسٹر بہار نتیش کمار کے خلاف چراغ کے موقف سے متفق ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ بہار کو آگے لیجانے کے لئے چراغ نے سخت فیصلہ کیا ہے جس کی میں حمایت کرتی ہوں۔ اب ’بہار مقدم، بہاری مقدم‘ کے چراغ کے نعرے کو حقیقت میں بدلنے کا وقت آچکا ہے۔ اوشا اور راجندر سنگھ ماضی میں بی جے پی کے نائب صدور رہ چکے ہیں۔ راجندر کو آر ایس ایس کے قریب مانا جاتا ہے اور وہ بہار میں بی جے پی کے بڑے لیڈروں میں شمار ہوتے ہیں۔ ایل جے پی نیشنل سکریٹری جنرل خلیل احمد نے اِس سوال پر کہ آیا بی جے پی کے ناراض قائدین کو پارٹی صف میں شامل کرنے سے زعفرانی پارٹی کے ساتھ اختلافات شدید نہیں ہوں گے،
کہاکہ ایل جے پی کی ترجیح خود ہمارے پارٹی ورکرس کو پارٹی ٹکٹ دینا ہے لیکن ہم دیگر پارٹیوں کے آزمودہ قائدین کو ہماری صفوں میں شامل کرنے سے انکار بھی نہیں کرسکتے۔ اِس سے ہم پوری کوشش کریں گے کہ ہمارے ورکرس کی حق تلفی نہ ہو۔ ایل جے پی کے ترجمان اشرف انصاری نے دعویٰ کیاکہ برسر اقتدار پارٹیوں کے ایک درجن سے زائد سینئر قائدین ایل جے پی کے ساتھ ربط میں ہیں۔ تمام سیاسی پارٹیوں کے قائدین ایل جے پی سے ربط میں ہیں۔ ہم نے دیگر پارٹیوں کے زائداز 20 قائدین کی ٹکٹ سے متعلق درخواستیں قبول نہیں کی ہیں کیوں کہ ہماری ترجیح بدستور ہمارے ورکرس ہیں جنھوں نے پارٹی کے لئے مشقت کی ہے۔ ایل جے پی اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست بہت جلد جاری کرے گی۔ ایل جے پی کے قومی ترجمان سنجے سراف نے ایک نیوز ایجنسی کو بتایا کہ پارٹی نے 143 نشستوں کیلئے امیدواروں کی فہرست تیار کرلی ہے۔