پٹنہ: بہار کی اپوزیشن پارٹی راشٹریہ جنتا دل نے کہا ہیکہ اگر جے ڈی(یو) کے صدر بی جے پی کے ساتھ تعلقات توڑنے پر آمادگی ظاہر کرتے ہیں تو وہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے ساتھ ایک اور اتحاد قائم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ بی جے پی فرقہ پرست قوتوں کی نمائندگی کرتی ہے۔ آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد کے قریبی ساتھی اور ایم ایل اے بھائی وریندر نے کھگڑیا ضلع میں صحافیوں کے سوالات کے جواب میں یہ تبصرہ کیا۔ آر جے ڈی ایم ایل اے سے یہ پوچھے جانے پر کہ کیا انہیں جنتا دل یونائیٹڈ اور بی جے پی کے درمیان مبینہ تناؤ کے پیش نظر کوئی نیا سیاسی امکان نظر آتا ہے ، انہوں نے کہاکہ بہار بہت سے سیاسی کھیلوں کا گہوارہ ہے اور مستقبل میں اس طرح کے مزید کھیل کھیلے جا سکتے ہیں۔ وریندر نے کہاکہ سیاست میں نئے نئے امکانات ہمیشہ ہوتے ہیں۔ اگر نتیش کمار فرقہ پرست قوتوں سے تنگ آچکے ہیں تو ہم پھر ایک بار نتیش کمار کے ساتھ اتحاد کے بارے میں غور کریں گے۔