حادثات کو روکنے کی ایپ بنانے والاسعودی گولڈ میڈلسٹ

   

ریاض: تبوک کے ٹیکنیکل کالج کے ایک سعودی طالب علم نے پلوں پر ٹریفک میں گاڑیوں کے حادثات کو کم کرنے کے لیے ایک سینسر ایپلی کیشن بنالی۔یہ سینسر ٹریفک کی بھیڑ اور حادثات کا پتہ لگاتا ہے۔ ساتھ ہی ٹریفک کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے مرکزی مرکز سے منسلک ٹریفک سگنلز اور کیمروں کے ذریعے ڈرائیوروں کو متنبہ کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ایپ رپورٹس حاصل کرنے اور مسائل کی جلد از جلد نشاندہی کے لیے بھی استعمال کی جاسکتی ہے۔طالب علم کو اپنے سابقہ ذاتی مصائب کی وجہ سے یہ ایپ بنانے کا خیال آیا۔ اس نے اپنی اسی شاندار اختراع کے ساتھ ملائیشیا میں منعقد ہونے والی ایجادات، اختراعات اور ٹیکنالوجی کی بین الاقوامی نمائش میں شرکت کی اور سونے کا تمغہ جیت لیا۔عبداللہ الھاجری نے ’’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘‘ سے گفتگو میں بتایا کہ یہ خیال جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے خاص طور پر پلوں پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات کو کم کرنے کے لیے آیا کیونکہ پلوں پر پیش آنے والے ٹریفک حادثات کے نتیجے میں ہونے والی اموات کی شرح بہت زیادہ ہے۔ اس لیے مجھے گاڑی کا سینسر استعمال کرتے ہوئے ایجاد کا خیال پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا اس منصوبے کا ہدف جلد از جلد اس مسئلے کی نشاندہی کرنا اور ٹریفک حادثات اور اموات کی شرح کو کم کرنا ہے۔