محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کے ساتھ زوم اجلاس، بس اور ٹرک کے فٹنس میں کوئی خامی نہیں
حیدرآباد ۔ 3 ۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ زوم اجلاس منعقد کرتے ہوئے حادثات کی روک تھام کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی۔ زوم اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری وکاس راج ، کمشنر ٹرانسپورٹ المبرتی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔ پونم پربھاکر نے ریاست میں بڑھتے ٹریفک حادثات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ حادثات پر قابو پایا جائے ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ آج صبح وقار آباد کے قریب پیش آئے حادثہ میں شامل دونوں گاڑیاں فٹنس کے تمام اصولوں کی تکمیل کر رہی تھیں تاہم ٹرک میں اضافی ڈرائیور کی عدم موجودگی کے سبب یہ سنگین واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی رفتار پر قابو پانے کیلئے عہدیداروں کو اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ رفتار سے زائد چلانے پر تین گنا جرمانہ عائد کیا جائے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں کی چوکسی کے ذریعہ حادثات پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف حادثہ کی صورت میں احتیاطی تدابیر پر غور کرنے کے بجائے مستقل طورپر ایکشن پلان تیار کرتے ہوئے سختی سے عمل کیا جائے۔ انہوں نے عوام کے تعاون سے ٹریفک قواعد پر عمل آوری کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ ڈپارٹمنٹ کو دیگر محکمہ جات کے ساتھ مشاورت کرتے ہوئے ایکشن پلان تیار کرنا چاہئے ۔ انہوں نے ریت ، کنکر اور دیگر تعمیری سامان منتقل کرنے والے ٹرکس پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ 1
وزیر ٹرانسپورٹ نے اسکول بسوں اور خانگی بسوں کی رفتار پر قابو پانے کا مشورہ دیا اور کہا کہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ ٹپرس اور لاری ڈرائیورس مقررہ رفتار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حادثات سبب بن رہے ہیں۔1