نرمل میں ٹریفک کنٹرول روم کا افتتاح ، انچارج ڈی آئی جی کریم نگر پرمود کمار کا خطاب
نرمل ۔ 13 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : حادثات اموات سے کئی گھر اجڑ رہے ہیں۔ نوجوان نسل کو چاہئے کہ وہ گاڑیوں کی رفتار کم کریں کیوں کہ اپنی منزل کو پہنچ کر بحفاظت والدین کے خوابوں کو پورا کرنے کی شدید ضرورت ہے ۔ چند دنوں سے موٹر سیکل ہو کہ موٹر کار کئی ایک سڑک حادثات میں نوجوانوں کی اموات قابل افسوس ہے ۔ مرنے والے تو چلے جاتے ہیں لیکن ضعیف ماں باپ پر کیا گذرتی ہے اس کا اندازہ مرنے والا کیا کرسکتا ہے ۔ نسل نو کو ان واقعات سے سبق لینے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انسپکٹر جنرل پولیس سی آئی ڈی و انچارج ڈی آئی جی کریم نگر مسٹر پرمود کمار نے نرمل رورل پولیس اسٹیشن میں کمانڈ کنٹرول روم کا افتتاح انجام دینے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس کنٹرول روم کے قیام سے اب کوئی بھی شخص ٹرافک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بچ نہیں سکتا ۔ نہ ہی نوجوان تیز رفتار گاڑی چلاتے ہوئے بلکہ مختلف مقامات پر ٹرافک سگنل کو ہی توڑا نہیں جاسکتا کیوں کہ مستقر نرمل کا تقریبا احاطہ کرتے ہوئے سی سی کیمروں کی مدد سے ٹرافک کے مسائل پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں اور مستقر نرمل کے تمام اہم جنکشن پر ٹرافک سگنل کے ساتھ ساتھ سی سی کیمروں کی تنصیب بھی عمل میں لائی گئی ہے ۔ اس کنٹرول روم میں موجود کیمروں سے حاصل کی گئی تمام تفصیلات سے ڈیوٹی پر موجود عہدیدار پولیس کو وقتا فوقتاً حالات سے آگاہ کرے گا اور پولیس کسی بھی واقعہ میں ملوث افراد تک بہ آسانی پہنچ سکے گی ۔ اس موقع پر ریاستی وزیر جنگلات مسٹر اے اندرا کرن ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ تمام علاقوں میں پولیس اسٹیشنوں کو عصری آلات سے لیس کرتے ہوئے ریاست کی ہمہ جہت ترقی میں مصروف ہے ۔ مستقر نرمل ضلع کو ایک مثالی ضلع بنانے کا انہوں نے عزم کیا ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر یم پرشانتی ، ضلع ایس پی مسٹر سی ششی دھر راجو ، نو منتخب ضلع پریشد چیرمین محترمہ وجئے لکشمی نے بھی خطاب کیا ۔ واضح رہے کہ اس کنٹرول روم کے قیام کے بعد کوئی بھی حادثہ میں ملوث شخص فرار بھی ہوجائے تو وہ قانون کے شکنجہ سے بچ نہیں سکتا کیوں کہ انتہائی عصری کیمروں میں مقام واقعہ کی تمام تفصیلات کیمروں میں قید ہوجاتی ہیں ۔۔
