نو انٹری میں داخلہ اور تیز رفتار ڈرائیونگ کے چالان شامل
حیدرآباد : 24 اکٹوبر ( سیاست نیوز) کرنول بس حادثہ کے پیش نظر پولیس نے ہر زاویہ سے تحقیقات کا آغاز کیا ۔ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا کہ وی کاویری ٹراویلس کی لکژری بس کے خلاف تلنگانہ میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے 16 ای چالان زیر التواء تھے جن کا جرمانہ 23,120روپئے ہے ۔پولیس کے مطابق بس کو صرف مسافر بٹھانے کی اجازت تھی لیکن اسے غیر مجاز طور پر سلیپرس میں تبدیل کیا گیا تھا ۔ 27جنوری 2024 تا 9 اکٹوبر 2025ء بس ڈرائیورس نے مختلف مقامات پر 16مرتبہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی جس میں 9 مرتبہ نو انٹری فار بس علاقوں میں بھی داخل ہوکر مسافرین کی جان کو خطرہ میں ڈالا ہے ۔ زیادہ اسپیڈ اور خطرناک طریقہ سے گاڑی چلانے کے چالان بھی ہیں ۔ ویموری کاویری ٹراویلس بس کا نمبر DD01N – 9490 ہے ۔ اوڈیشہ میں رجسٹر شدہ ہے ۔ اس بس کا رجسٹریشن 2مئی سال 2018 میں دمن دیو سے کیا گیا تھا اور اس بس کو اپریل 2030تک ٹورسٹ پرمٹ جاری کیا گیا تھا ۔ اس بس کا فٹنس سرٹیفیکٹ اور انشورنس بھی موجود ہیں ۔