کراچی ۔3 جنوری( سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے رواں سال مقرر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے اسکواڈ میں فاسٹ بولر حارث رؤف کو شامل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت حارث رؤف اپنے کیریئر کی بہترین فارم میں ہیں اور انہیں میگا ایونٹ میں اہم ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ میلبورن اسٹارزکی نمائندگی کرنے والے حارث رؤف نے بگ بیش لیگ کے تین میچوں میں دس وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے آسٹریلیائی فاسٹ بولر شان ایبٹ سے ایک وکٹ پیچھے دوسرے نمبر پر فائز ہیں۔26 سالہ فاسٹ بولر نے بگ بیش لیگ میں پہلے میچ میں برسبین ہیٹ کیخلاف دو وکٹیں لینے کے بعد ہوبارٹ ہریکینز کیخلاف پانچ وکٹوں کی شاندار کارکردگی پیش کی لیکن انہیں ڈیل اسٹین کیلئے جگہ خالی کرنی پڑی۔