حارث کی بٹلر جیسی بیٹنگ کامیابی کی کلید:سرفراز

   

لندن۔25 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف حارث سہیل نے انگلش بیٹسمین جوز بٹلر کی طرح بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں مرکزی کردار ادا کیا اور دونوں ٹیموں میں بنیادی فرق ثابت ہوئے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ پی سی بی کے لیے لکھے گئے کالم میں سرفراز احمد نے کہا کہ پچھلا ہفتہ بہت مشکل رہا کیونکہ ہم ہندوستان کے خلاف بری طرح ہارے، اس کے بعد ٹیم پر بہت تنقید ہوئی جو زیادہ تر جائز تھی، ہم نے غلطیاں کیں ، لہٰذا ہم اس کے مستحق تھے لیکن ہم نے اس تنقید کو مثبت لیا۔ سرفراز نے لکھا کہ ہم نے غلطیوں کے بارے میں سوچا اور یہ عہد کیا کہ انہیں دوبارہ نہیں دہرائیں گے، یہ ایک طرح سے خود احتسابی تھی، ان تمام ملاقاتوں کے بعد ہم پرعزم تھے کہ ہم واپسی کر سکتے ہیں اور یہ جانتے تھے کہ ہمارے پاس غلطی کی کوئی گنجائش نہیں۔ کپتان نے لکھا کہ انگلینڈ کے خلاف سری لنکا کی حیران کن کامیابی ہمارے لیے حوصلہ افزا تھی اور اس نے یقینی طور پر ٹورنمنٹ کو مسابقتی کر دیا اور ہمیں یقین دیا کہ اگر ہم آخری چار میچز میں اپنی اہلیت کے مطابق کھیلیں تو جیت سکتے ہیں اور اسی مثبت سوچ کے ساتھ لارڈز پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ سب کچھ ہمارے حق میں گیا، ہم نے ایک مشکل پچ پر اچھا ٹاس جیتا، اس پچ پر بیٹنگ آسان نہیں تھی لیکن ہم نے ایک نڈر فیصلہ لیا۔ امام الحق اور فخر زمان نے 81 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا جس کے بعد پھر حارث سہیل اور بابر اعظم نے اننگز کو مضبوط کیا۔ حارث کی اننگز کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، حارث کی اننگز میچ میں فرق بن گئی، وہ سخت حالات میں ورلڈ کپ کا صرف دوسرا میچ کھیل رہا تھا لیکن آخری پندرہ اوورز میں اس نے جوز بٹلر کی طرح کی بیٹنگ کی۔ سرفراز نے اپنے کالم میں کہا کہ حارث میچ کھیلنے کے لیے بے تاب تھا، اس کا ذہن اننگز کے آغاز سے ہی انتہائی مثبت تھا جبکہ حارث اور بابر کی شراکت نے ہمیں ایک اضافی فائدہ پہنچایا۔ انہوں نے لکھا کہ حارث مستقبل کیلئے ایک اہم کھلاڑی ہے اور اس میں بہت صلاحیت ہے لیکن اس کا کیریئر فٹنس مسائل سے دوچار رہا ہے، اب مجھے آمید ہے کہ یہ اننگز حارث کے کیریئر کو پروان چڑھائیگی۔